غلام علی کا پروگرام شیوسینا کی مخالفت پر منسوخ

GHULAM_ALI_KHAN_-446x330

غزل گلوکار غلام علی کا ممبئی میں جمعہ کے دن مقرر پروگرام منسوخ کردیا گیا کیونکہ شیوسینا نے اس میں خلل اندازی کی دھمکی دی تھی اور انتباہ دیا تھا کہ پاکستان کے کسی بھی فنکار کو ممبئی میں پروگرام پیش کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی کیونکہ سرحد پار سے دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے۔ اس کے بند کئے جانے تک کوئی بھی پاکستانی فنکار ممبئی میں پروگرام پیش نہیں کرسکے گا۔

تقریب کے منتظمین نے پروگرام کی منسوخی کا اعلان کیا۔ قبل ازیں انہوں نے شیوسینا کے صدر اودھو ٹھاکرے سے ملاقات کی تھی۔ چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فرنویس نے کہا تھا کہ غلام علی اور ان کے پروگرام کو کافی تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ یہ پروگرام آنجہانی غزل گلوکار جگدیش سنگھ کی یاد میں منعقد کیا جانے والا تھا۔

دریں اثناء مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے آج بی جے پی کی حلیف شیوسینا کی احتجاج کی دھمکی سے اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ اس کا کوئی جواز نہیں ہے۔ غلام علی امن کے پیغامبر ہے۔ امن کا پیغام پھیلاتے ہیں جو سرحدوں سے ماورا ہوتا ہے۔ فن کی اور امن کی سرحدوں کا تعین نہیں کیا جاسکتا۔

ادھو ٹھاکرے سے قربت رکھنے والے ایک ذریعہ کے بموجب صدر شیوسینا نے منتظمین سے کہا کہ کسی بھی پاکستانی فنکار کا پروگرام منعقد کرنے کے ارادہ سے باز آجائیں۔

غلام علی نے اس تبدیلی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ میرے لئے پروگرام پیش کرنا ناسازگار ماحول میں بہت مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ہند ۔ پاک تعلقات خوشگوار ہوجائیں ۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی میرے مداح مجھے پیار سے آواز دیں گے تو میں فوری پہنچ جاؤں گا اور پروگرام پیش کروں گا۔

Comments are closed.