پاکستانی خواتین کی تعلیم کے لیے امریکی فنڈ دگنا

0,,18801892_303,00

امریکا کی جانب سے پاکستان میں خواتین کی تعلیم کے لئے دیا جانے والا فنڈ دگنا کر دیا گیا ہے۔ امریکی خاتون اوّل کہتی ہیں کہ ستّر ملین ڈالر کی خطیر رقم سے دو لاکھ پاکستانی خواتین کو فائدہ پہنچے گا۔

امریکی خاتون اوّل مشیل اوباما نے وائٹ ہاؤس میں وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا، جس کے دوران پاکستانی خواتین کی تعلیم کے لئے فنڈ دگنا کرنے کا اعلان کرتے ہوئے مشیل اباما کا کہنا تھا کہ وہ مریم نواز کےساتھ مل کر پاکستان میں لڑکیوں کی تعلیم پر کام کرنے کی خواہش مند ہیں۔

مریم نواز نے امریکی خاتون اوّل کو پاکستان میں خواتین کی تعلیم کے لئے کیے جانے والے اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا۔ مریم نواز نے مشیل اوباما کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف بہت اچھی ماں ہیں بلکہ خواتین کے لئے متاثر کن شخصیت بھی ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستانی خواتین کو گھریلو تشدد، دفاتر میں بے عزتی اور مخصوص ذہنیت کے خلاف جنگ لڑنا پڑتی ہے۔ ان کا کہنا تھا، ’’ مجھے اپنی والدہ پر فخر ہے کہ انہوں نے آمریت کے سامنے کبھی سر نہیں جھکایا اور ملک میں جمہوریت کی بحالی کے لئے بے مثال قربانیاں دیں۔‘‘ مریم نواز نے کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ ہر لڑکی کو وہ سب کچھ ملے جس کی وہ حقدار ہیں جبکہ خواتین ملک و قوم کا مستقبل ہیں۔ مریم نواز نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان میں خواتین کی تعلیم کے لئے امریکا بھرپور کردار ادا کرے۔

امریکی خاتون اوّل مشیل اوباما نے مریم نواز کو یقین دلایا کہ امریکا پاکستان میں خواتین کی تعلیم کے لئے پھرپور تعاون کرے گا اور گلوبل گرلز ایجوکیشن پروگرام کی امدادی رقم دگنی ہونے سے دو لاکھ خواتین مستفید ہوں گی، ’’خواتین کی تعلیم کے حوالے سے یہ ایک سنگ میل ثابت ہوگا، جس سے پاکستانی خواتین مستقبل میں کلیدی کردار ادا کرسکیں گی۔‘‘

پاکستان میں خواتین کو تعلیم کے حصول میں مشکلات کے علاوہ کم عمری کی شادیوں اور اس سے پیدا ہونے والے کئی دیگر مسائل کا سامنا ہے۔

مریم نواز نے شرکاء کو بتایا کہ پاکستان حکومت کی جانب سے پہلی بار ’صحت بیمہ پروگرام‘ کا آغاز اس سال دسمبر سے ہو رہا ہے، جس سے لاکھوں غریب و نادار افراد مستفید ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پروگرام کا دائرہ ء کار ایک سو ملین لوگوں تک بڑھایا جائے گا جبکہ تعلیمی شعبے میں اصلاحات کا اعلان وزیر اعظم امریکا سے واپسی پر کریں گے۔

DW

Comments are closed.