شاہ رخ خان کے پچاس سال

SRK1aq

دو عشروں سے فلموں کے شائقین کے دلوں پر راج کرنے والے بالی ووڈ کے درخشاں ستارے شاہ رُخ خان دو نومبر کو 50 برس کے ہوگئے۔ اپنے مداحوں سے شاہ رُخ نے وعدہ کیا ہے کہ آئندہ پانچ برسوں کے دوران وہ 15 عمدہ فلمیں بنائیں گے۔

بکھرے بال، پریشاں زُلفیں، پھیلی ہوئی باہیں، گہری مسکراہٹ، لبوں پر ایک گیت۔ یہ ہے ٹریڈ مارک اس بالی ووڈ اسٹار کے جو زندگی کے پچاس سال مکمل کر چکے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے بھارت کے اندر اور بیرون ملک دنیا بھر میں پھیلے ہوئے اپنے کروڑوں مداحوں کو یقین دلایا کہ اُن کی مزید فلمیں آئندہ سالوں میں شائقین کی مزید دلچسپی کا باعث بنیں گی۔

شاہ رُخ خان کے بقول،’’ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میں 50 سے 55 سال تک کی عمر کے دوران 15 م‍زید عمدہ فلمیں بناؤں گا۔ ان میں پاپولر،غیر روایتی، دیوانی فلمیں اور۔۔۔۔۔ بہت کچھ ہو گا۔ میں مرنے سے پہلے زیادہ سے زیادہ فلمیں بنانا چاہتا ہوں۔‘‘۔ شاہ رُخ خان کے ان بیانات کا حوالہ حال ہی میں نیوز ایجنسی نے دیا تھا۔

اداکاری کا جنونی نئی دہلی سے تعلق رکھنے والا یہ لڑکا اُسی طرح ممبئی پہنچا تھا جس طرح بہت سے دیگر نوجوان بالی ووڈ میں اپنا کیرئیر بنانے کی خواہش میں ممبئی آیا کرتے ہیں تاہم تمام پچھلے ریکارڈ توڑتے ہوئے شاہ رُخ خان سالانہ سینکڑوں فلمیں تیار کرنے والی بھارت کی تیز رفتار فلمی صنعت کی ایک ایسی کامیاب شخصیت بن گیا، جس کی مثال دینا بھر میں دی جاتی ہے۔

شاہ رُخ 80 کی دہائی میں بھارتی ٹیلی وژن کے ڈراموں میں اداکاری کیا کرتے تھے۔ 1992 ء میں ان کی پہلی فلم دیوانہ ریلیز ہوئی۔ اُس کے بعد شاہ ُرخ خان نے رومانوی فلموں کی لائن لگا دی، جو ایک سے بڑھ کر ایک ثابت ہوئیں۔ جس فلم نے شاہ رُخ کو ہر عمر کے شائقین میں بہت زیادہ مقبولیت دی، وہ تھی اُن کی مشہور فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘۔ یہ وہ فلم ہے جس کے ممبئی کے تھیٹرز میں مسلسل چلتے رہنے کے بیس برس سال رواں میں ہی مکمل ہوئے ہیں۔

دو عشروں سے زیادہ عرصے سے اداکاری کرنے والے شاہ رُخ خان اب تک 80 سے زیادہ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چُکے ہیں۔ اُن کی بہت زیادہ کامیاب فلموں میں ’دل تو پاگل ہے‘، ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘، اور ’ چنئی ایکسپرس‘ خاص طور سے قابل ذکر ہیں۔

شاہ رُخ خان کی مقبولیت سوشل میڈیا نیٹ ورک فیس ُبک پر اُن کے روزانہ 15 ملین لائیکس اور اُن کی تعریف میں پوسٹ کیے جانے والے پیغامات سے بھی ہوتا ہے۔

ان کے فلمی سفر سے تو بہت سے لوگ واقف ہیں یہاں شاہ رخ کے بارے میں دس ایسی باتیں پیش کی جا رہی ہیں جو دلچسپی سے خالی نہیں ہوں گی۔

۔شاہ رخ آج بالی ووڈ کے سب سے مہنگے اداکاروں میں شامل ہیں لیکن انھیں اپنی فلم ’کبھی ہاں کبھی نہ‘ کے لیے صرف 25 ہزار روپے ہی ملے تھے۔ اتنا ہی نہیں اس فلم کے لیے شاہ رخ نے ممبئی کے سنیما ہال کے باہر فلم کے ٹکٹ بھی فروخت کیے تھے۔

۔2۔ شاہ رخ خان کی پہلی کمائی صرف 50 روپے تھی جو انھیں گلوکار پنکج ادھاس کے ایک کنسرٹ میں کام کرنے کے دوران ملی تھی۔

۔3۔ تھیئٹر کے اپنے ابتدائی دنوں میں شاہ رخ بھارتی دارالحکومت دہلی کے دریا گنج علاقے میں ایک ریستوران بھی چلایا کرتے تھے۔

۔4۔ شاہ رخ کے والد نے ہندوستان کی تحریک آزادی میں حصہ لیا تھا۔ انھوں نے بہت سے کاروبار چلانے کی کوشش کی لیکن کامیابی نہیں ملی۔ ان میں دہلی کے ’نیشنل سکول آف ڈراما‘ میں چائے کی دکان بھی شامل تھی۔

۔5۔ شاہ رخ جب صرف 15 سال کے تھے تب ان کے والد نہیں رہے اور جب وہ 25 سال کے تھے تب ان کی ماں گزر گئیں۔ اپنی ماں کی موت کے بعد وہ فلموں میں آئے۔

۔6۔ شاہ رخ کا نام پہلے عبد الرحمٰن رکھا گیا تھا پھر ان کے والد نے اسے بدل کر شاہ رخ خان رکھ دیا۔

۔7۔ شاہ رخ نے بالی وڈ میں قدم رکھنے کے ساتھ ہی یکے بعد دیگرے پانچ فلمیں سائن کی تھیں۔

8۔8- کیا شاہ رخ خان توہم پرست ہیں؟ آپ کو شاید یقین نہ ہو لیکن شاہ رخ کی تمام گاڑیوں کے نمبر 555 ہیں۔ اتنا ہی نہیں ان کے ذاتی موبائل نمبر میں بھی 555 آتا ہے۔

۔9۔ شاہ رخ کو کھیل کود سے بھی بہت دلچسپی رہی ہے اور اپنے کالج کے زمانے میں وہ کئی بار فٹبال اور ہاکی کے مقابلوں میں حصہ لے چکے ہیں۔

۔10۔ شاہ رخ خان اور کرن جوہر کی پہلی ملاقات ایک ٹی وی شو کے آڈیشن کے دوران ہوئی تھی جہاں شاہ رخ نے اس سیریل میں کام کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

Comments are closed.