سعید جعفری انتقال کرگئے

sss1

ممبئی ۔ 16 ۔ نومبر، بالی ووڈ کے ہرفن مولا سنیئر اداکار سعید جعفری کا اتوار کے روز انتقال ہو گیا۔ وہ 86 سال کے تھے۔

شطرنج کے کھلاڑی‘ فلم کے لیے انھیں بہترین معاون اداکار کے اعزاز سے نوازا گیا تھا۔

ان کی بھتیجی شاہین نے جب اپنے فیس بک پر یہ خبر دی تو ان کے فن کے چاہنے والے صدمے میں آ گئے۔اس کے بعد وزیر اعظم کے دفتر سے ان کی موت پر پیغام جاری کیا گيا جس میں انھیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

سعید جعفری اپنی متنوع اداکاری کے لیے معروف تھے۔ ان کی یادگار فلموں میں ’شطرنج کے کھلاڑی،‘ ’چشم بد دور،‘ ’گاندھی‘ اور ’اے پیسج ٹو انڈیا‘ وغیرہ شامل ہیں۔سعید جعفری پہلے بالی ووڈ اداکار تھے جنھیں ڈرامے میں ان کی خدمات کے اعتراف میں ’آرڈر آف دا برٹش امپائر‘ دیا گیا۔

انھیں بیرون ملک انتہائی قدرو منزلت کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔انھوں نے ریچرڈ ایٹن برو کی فلم ’گاندھی‘ میں سردار پٹیل کا کردار نبھایا تھا۔

sss2

سعید جعفری پنجاب کے شہر مالیر کوٹلہ میں پیدا ہوئے تھے اور انھوں نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کی۔انھوں نے اداکارہ مدھر جعفری سے شادی کی تھی جن سے ان کے تین بچے ہیں۔ ان سے علیحدگی کے بعد انھوں نے اپنی ہدایت کار جینیفر سکوریل سے شادی کی۔

انھوں نے معروف ٹی وی سیریز ’تندوری نائٹس،‘ ’دا فار پویلیئنز‘ اور ’دی جیول ان دا کراؤن‘ میں اداکاری کی۔ انھوں نے معروف ہالی وڈ اداکار شان کونری، مائیکل کین اور پیئرس بروسنن کے ساتھ بھی فلمیں کیں۔

سعید جعفری نے تھیئٹر سے اپنے کریئر کی ابتدا کی تھی اور پھر دہلی میں اپنی ایک تھیئٹر کمپنی بھی شروع کی تھی۔ بعد میں وہ رائل اکیڈمی آف ڈرامیٹک آرٹس میں چلے گئے۔

سعید جعفری نے بی بی سی کی مختلف سروسز کے لیے بھی کئی پروگرامز کیے تھے۔ انھوں نے بی بی سی ورلڈ سروس میں کام کرنے کے علاوہ ہیرڈز میں سیلز مین کی بھی نوکری کی۔

سعید جعفری نے ایک بار بی بی سی کے ہارڈ ٹاک میں کہا تھا کہ ’بھارت میں مقدار ہے جبکہ برطانیہ میں معیار ہے۔‘

وہ اپنی اداکاری کے علاوہ اپنے لہجے اور شستہ زبان کے لیے بھی یاد کیے جائیں گے۔

ان کی فلموں میں ’معصوم،‘ ’جدائی،‘ ’عجوبہ،‘ ’دل،‘ ’رام تیری گنگا میلی ہو گئی،‘ ’حنا،‘ ’رام لکھن،‘ ’خون بھری مانگ،‘ اور ’نصیب‘ وغیرہ شامل ہیں۔

Daily Siasat, Hyderabad, India

Comments are closed.