ڈیوڈ ہیڈلی ممبئی حملوں کیس میں وعدہ معاف گواہ بن گیا

david_headley

ممبئی ۔ 10دسمبر: پاکستانی نژاد امریکی لشکرطیبہ دہشت گرد ڈیوڈ کولمن ہیڈلی عرف داود گیلانی کو آج ممبئی کی ایک عدالت نے 26/11 ممبئی دہشت گرد حملہ کیس میں معافی دیتے ہوئے اسے وعدہ معاف گواہ بنادیا ہے۔

عدالت کے اس اقدام سے پاکستان میں تیار کی جانے والی سازشوں کو بے نقاب کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ ڈیوڈ ہیڈلی 8 فروری 2016ء کو استغاثہ کے گواہ کی حیثیت سے بیان دے گا۔

ڈیوڈ ہیڈلی اس وقت ممبئی دہشت گرد حملوں کے سلسلہ میں اپنے رول کیلئے امریکہ میں 35 سال کی سزائے قید کاٹ رہا ہے۔

آج سیشن کورٹ نے نامعلوم مقام سے ویڈیو رابطہ کے ذریعہ ڈیوڈ ہیڈلی کا بیان قلمبند کیا۔ اسے معافی دینے پر اس نے وعدہ معاف گواہ بن کر تمام حقائق پیش کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

خصوصی وکیل سرکار اجول نکم نے عدالت کو بتایا کہ استغاثہ کو ہیڈلی کی پیشکش قابل قبول ہے، جس کے بعد جج جی اے سانپ نے ڈیوڈ ہیڈلی کووعدہ معاف گواہ بنایا اور یہ فیصلہ بعض شرائط کے تحت کیا گیا ہے جس کے بعد اسے معافی بھی دی گئی۔

ڈیوڈ ہیڈلی نے آج شام عدالت کے سامنے بتایا کہ اس عدالت میں میرے خلاف داخل کردہ چارج شیٹ وصول ہوئی ہے۔ ان الزامات میں وہی باتیں شامل ہیں جن کے تعلق سے امریکہ میں سزاء کاٹ رہا ہوں۔ ممبئی حملہ کیس میں اپنے رول کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں۔

میں یہ بھی قبول کرتا ہوں کہ اس عدالت میں ایک گواہ کی حیثیت سے خود کو پیش کرنے سے اتفاق کیا ہے۔ میں ہر ایک سوال کا جواب دینے کیلئے تیار ہوں۔ اگر عدالت سے مجھے معافی ملتی ہے تو میں تعاون کروں گے۔

اٹھارہ نومبر کو عدالت نے کہا تھا کہ ڈیوڈ ہیڈلی کو 10 ڈسمبر کے دن ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ اس کے سامنے پیش کیا جائے گا کیونکہ ممبئی پولیس نے اسے ایک ملزم بنانے کی اجازت دینے کی درخواست کی تھی۔

پولیس نے کہا کہ ممبئی کی عدالت کی جانب سے اصل سازشی سید ذبیح الدین انصاری عرف ابوجندال کے ساتھ اسے بھی عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔

ڈیوڈ ہیڈلی پاکستانی نژاد امریکی  دہشت گرد اور جاسوس ہے جس نے پاکستان میں لشکر طیبہ سے مل کر ممبئی حملوں کی سازش تیار کی تھی۔ڈیوڈ ہیڈلی کا دوسرا نام داود گیلانی ہے جس نے 2002سے 2005تک کئی دفعہ پاکستان آیا تھا اور لشکر طیبہ کے چیف اور دوسرے عہدیداروں کے ساتھ مل کر ممبئی حملوں کی سازش تیار کی تھی۔ جس میں 168 افراد ہلاک ہو گئےتھے۔

ڈیوڈ ہیڈلی عرف داود گیلانی 1960میں واشنگٹن ڈی سی میں پیدا ہوا۔ اس کے والد سابقہ ڈپلو میٹ اور ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر سید سلیم گیلانی تھے جنہوں نے امریکی خاتون ایلس سیرل ہیڈلی سے شادی کی۔ایلس سیرل ہیڈلی پاکستان ایمبسی میں سیکرٹری کے طور پر کام کرتی تھی ۔ شادی کے بعد دونوں لاہور آگئے۔ مگر پاکستان کا ماحول اسے پسند نہ آیا اور وہ واپس چلی گئی ۔

داود گیلانی کی ایک بہن سیدہ اور سوتیلا بھائی دانیال گیلانی بھی ہے جو وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے ترجمان کے طور پر کام کرتے تھے اور آج کل پاکستان ایمبسی چائنا میں پریس اتاشی کے طور پر کام کر رہے ہیں۔

Times of India

Comments are closed.