حزب المجاہدین کے کمانڈوز کی نئی ویڈیو ، آپس میں مبارکباد کےتبادلے

hizb

کوئی تین ماہ قبل آرمی انکاونٹر میں ہلاک ہونے والےحزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کے ادھورے کاموں کی یاد میں حزب کے دوسرے کمانڈوز نے سوشل میڈیا پر ایک نیا ویڈیو پوسٹ کیا ہے جس مسلح دہشت گردوں کا ایک گروہ ایک دوسرے سے بغلگیر ہوتے ہوئے ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کررہا ہے ۔

چار ساڑھے چار منٹ کی اس ویڈیو میں بارہ ہتھیار تھامے ہوئے بارہ دھشت گرد ایک باغ میں دکھائی دے رہے ہیں جن کے پاس وادی کی پولیس سے چھینی ہوئی انساس رائفلز بھی دکھائی دے رہی ہیں۔

ویڈیو میں وہ نوجوانو ں کوعسکریت پسندی میں شامل ہونے کی ترغیب کے لئے ہنستے اور ایک دوسرے سے بغلگیر ہوتے دیکھائی دے رہے ہیں۔

خیال رہے کہ برہان وانی نوجوانوں کو عسکرت پسندی کی طرف مائل کرنے کے لئے ہر وقت سوشل میڈیاپر سرگرم رہتا تھا۔8جولائی کو آرمی کے ہاتھوں انکاونٹر میں ہلاک ہونے سے قبل اس نے ایسے کئی ویڈیوز تیار کئے تھے جس کے ذریعہ نوجوانوں کو دہشت گردی کے لیے ترغیب دی گئی تھی ۔

حالیہ دنوں میں منظر عام پر ایک اور ویڈیو میں حزب کا ایک نیا کمانڈر ذاکر راشد بھٹ عرف موسی نوجوانوں کو سکیورٹی فورسز کے پاس سے ہتھیار چھین کر عسکریت پسندی میں شامل ہونے کی اپیل کررہا ہے۔

حالیہ مہینوں میں وادی کے مسلح دستوں کے پاس سے ہتھیار چھیننے کے کئی ایک واقعات پیش آئے ہیں۔ انساسس اور کاربین رائفلز کے بشمول اب تک کم از کم 67رائفلز حفاظتی دستوں کے پاس سے چھیننے کے واقعات وادی میں رونماء ہوئے ہیں۔

دوسری طرف حزب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین نے مظفر آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کرنے والوں کی فوجی امداد کرے تاکہ وہ بھارت کے چنگل سے آزاد ہوں۔

سید صلاح الدین کا کہنا تھا کہ کشمیر مذاکرات یا قراردادیں پاس کرنے سے نہیں بلکہ مسلح جدوجہد سے آزاد ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلح جدوجہد سے نہ صرف کشمیر آزاد ہوگا بلکہ پورے برصغیر کا نقشہ تبدیل ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ برہان الدین کی شہادت کے بعد کشمیر میں آزادی کی لہر زیادہ تیز ہوگئی ہے لیکن دنیا اس پر کوئی توجہ نہیں دے رہی۔انہوں نے بھارتی کشمیر کی پولیس کو کہا کہ وہ نہتے کشمیریوں کا ساتھ دیں اور بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف کھڑے ہوجائیں۔

Daily Dawn/Daily Siasat

Comments are closed.