سرجیکل حملوں کا ثبوت پیش کیا جائے

sibal_remark_1728962f

کانگریس اور عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کجریوال نے آج حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ گذشتہ ہفتے پاکستان مقبوضہ کشمیر میں کئے گئے سرجیکل حملوں کا ٹھوس ثبوت پیش کرے جو فوج نے کئے تھے تاکہ پاکستان کو بے نقاب کیا جاسکے جو اس طرح کی کسی کارروائی کی تردید کر رہا ہے ۔

کانگریس کے سینئر ترجمان آنند شرما نے اس ادعا کو بھی مسترد کردیا کہ دہشت گردوں کے لانچ پیڈز پر اس طرح کے سرجیکل حملے ہندوستانی فوج کی جانب سے اپنی نوعیت کی پہلی کارروائی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے جب کبھی ضرورت پڑی یا اشتعال دلایا گیا اس طرح کی کارروائی کی ہے ۔

عام آدمی پارٹی کی جانب سے مرکز سے سرجیکل حملوں کا ویڈیو جاری کرنے کے مطالبہ پر آنند شرما نے کہا کہ کانگریس پارٹی کو ڈائرکٹر جنرل ملٹری آپریشنزنے اس کارروائی کے بعد جو کچھ کہا ہے اس پر معمولی سا بھی شک نہیں ہے ۔ انہوں نے تاہم کہا کہ پاکستان اپنے عوام کو یہ ادعا کرتے ہوئے گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے کہ ایسے حملے نہیں ہوئے ہیں۔

اس پس منظر میں وزیر اعظم کیلئے یہ ضروری ہوگیا ہے کہ وہ 28 اور 29 ستمبر کی درمیانی شب کئے گئے سرجیکل حملوں کے تعلق سے ٹھوس ثبوت پیش کرے تاکہ پاکستان کو بے نقاب کیا جاسکے ۔

ڈائرکٹر جنرل ملٹری آپریشنس لیفٹننٹ جنرل رنبیر سنگھ نے دہلی میں ایک پریس کانفرنس میں ان سرجیکل حملوں کا اعلان کیا تھا ۔ آنند شرما نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ لازما پاکستان کی تردید کو بے نقاب کرے ۔ حکومت ایسا کرنے کیلئے درکار ہر سہولت رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کارروائی میں مودی حکومت کو ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کی تائید حاصل ہے ۔

آنند شرما نے کہا کہ ہندوستانی فوج نے اس طرح کے حملے 2008 ‘ 2009 ‘ 2011 اور 2013 میں بھی کئے ہیں۔ اس بار صرف یہ فرق ہے کہ موجودہ حکومت نے اس کی سیاسی ملکیت حاصل کرلی ہے ۔ آنند شرما سابقہ کانگریس زیر قیادت یو پی اے حکومت کے وزیر تھے ۔ انہوں نے کہا کہ یو پی اے کے خیال میں اس طرح کی فوج کی کارروائیوں کی سیاسی ملکیت ضروری نہیں سمجھی جاتی ۔

یہ واضح کرتے ہوئے کہ ملک کی مسلح افواج نے ہمیشہ ضرورت اور اشتعال دلانے پر مناسب جواب دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ سوچنا کہ ہندوستانی فوج نے پہلی مرتبہ ایسی کارروائی کی ہے اور دہشت گردوں پر حملہ کیا ہے درست نہیں ہے ۔ ایسا کرنا ہماری مسلح افواج کی بدخدمتی ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں کی گئی اس طرح کی کارروائیوں کی تفصیلات دفاعی اداروں میں موجود ہیں۔ ماضی میں ایسے فیصلے فوج نے کئے تھے ۔

آنند شرما نے کہا کہ پاکستان بے نقاب ہوگیا ہے لیکن اسے یکا و تنہا نہیں کیا جاسکا ہے ۔ اس دوران چیف منسٹر اروند کجریوال نے بھی وزیر اعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان کے جھوٹے پروپیگنڈہ کو ختم کیا جائے ۔ پاکستان مسلسل ان سرجیکل حملوں سے انکار کررہا ہے ۔

کجریوال نے حکومت سے کہا کہ وہ دہشت گردوں کے لانچ پیڈز پر کئے گئے حملوں کا ویڈیو فوٹیج جاری کریں ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ جہاں پاکستان ان حملوں کی تردید کر رہا ہے وہیں بین الاقوامی میڈیا ایسا لگتا ہے کہ پاکستان کے دعوی کی حمایت کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسی رپورٹس دیکھ کر میرا خون کھول رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے ساتھ ان کے 100 اختلافات ہوسکتے ہیں لیکن وہ پاکستان کے تعلق سے ایسے اقدام کرنے پر وزیر اعظم کو سلام کرتے ہیں۔ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے واضح کردیا ہے کہ وہ اس بات پر غورکریگی کہ اسے ان حملوں کا کوئی ثبوت پیش کرنا چاہئے بھی یا نہیں اور اگر کرنا ہے تو کب کرنا ہے ۔

بی جے پی کے ترجمان آر پی سنگھ نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کو جواب دینا جانتے ہیں۔ کجریوال کو چاہئے کہ وہ دہلی پر توجہ کریں۔

روزنامہ سیاست، حیدرآباد، انڈیا

Comments are closed.