پاکستان میں انسانی حقوق کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔ امریکی دفتر خارجہ

اکتیس31 مارچ کو امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے انسانی حقوق بارے 62 صفحات پر مشتمل ایک رپورٹ جاری کی ہے ۔اس کی کچھ روداد تو انگریزی پریس میں شائع ہوئی ہے لیکن اردو پریس اور میڈیا چاہے وہ نیا ہو پرانا مجموعی طور پر خاموش ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حکومت پاکستان اور اس کے ایجنٹ بلوچستان، سندھ ، خیبر پختونخواہ اور پنجاب میں غیر قانونی قتل میں ملوث ہیں جن میں ماروائے عدالت قتل، حکومتی ایجنٹوں کی طرف سے جبری طور پر لاپتہ کرنا ، غیر قانونی طور پر حراست میں رکھنا ، سیاسی قیدیوں، غیر ممالک میں رہنے والے پاکستانی سیاسی کارکنوں کو نشانہ بنانا، جان بوجھ کر یا غیر قانونی طور پر عوام کی ذاتی معاملات میں مداخلت اور آزادی اظہار پر قدغنیں لگانا جس میں پریس، انٹر نیٹ ، صحافیوں کے خلاف متشدد کاروائیاں ، ، صحافیوں کا اغوا اور لاپتہ کرنا ، سنسرشپ اور ویب سائٹس کو بلاک کرنے جیسے اقدامات ہیں۔

رپورٹ میں تفصیل کے ساتھ ان افراد کے نام بھی لکھے گئے ہیں جن کو پاکستان کے ریاستی ادارے جبری طور پر لاپتہ کرنے، ، غیر قانونی طور پر حراست میں رکھنے اور ان پر تشدد کرنے جیسے جرائم میں ملوث ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خیبر پختونخواہ میں ، سویلین اداروں کی مدد کے نام پر جو آرڈیننس 2019 جاری کیا گیا ہے اس کی رو سے پاکستان ملٹری جب چاہے کسی بھی سویلین کو جبری طور پر لاپتہ کردیتی ہے، یا حراست میں لے لیتی ہے، ان کی پراپرٹی پر قبضہ کر لیتی ہے اور ایک سپاہی کی گواہی پر ان کے خلاف مقدمات بنا دیتی ہے یا انہیں سزا سنا دی جاتی ہے۔اس آرڈیننس کے نفاذ سے پہلے یا بعد میں پاکستان ملٹری علاقے میں اسی قسم کی سرگرمیوں میں ملوث ہے۔اس آرڈیننس کے مطابق پاکستان ملٹری اس بات کو بتانے کی پابند نہیں ہے کہ پکڑے ہوئے افراد کے لواحقین کو ان کی حراست میں بتائے جس کی وجہ سے ان کے لواحقین ان کی غیر قانونی حراست کو عدالت میں چیلنج نہیں کرسکتے۔ پشاور ہائیکورٹ نے اس آرڈیننس کو غیر آئینی قرار دیا تھا لیکن سپریم کورٹ نے اس فیصلے کو معطل کر دیا ہے۔ ایک سال سے زیادہ عرصے سے یہ اپیل سپریم کورٹ میں ہے لیکن اس کی سماعت نہیں ہورہی۔ جبکہ پاکستان ملٹری نے صوبے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور حراستی مراکز کو مکمل طور پر قابو کیا ہوا ہے۔

جو دوست تفصیلی رپورٹ پڑھنا چاہتے ہیں ان کے لیے لنک درج ذیل ہے

https://www.state.gov/reports/2020-country-reports-on-human-rights-practices/pakistan/

Comments are closed.