نسلی امتیاز کے خلاف طاقتور آواز، ڈیسمنڈ ٹوٹو انتقال کر گئے

جب مشنریز افریقہ آئے توان کے پاس بائیبل اور ہمارے پاس زمین تھی۔ انھوں نے کہا چلو عبادت کرتے ہیں ہم نے اپنی آنکھیں بند کر لیں ، اور جب کھولیں تو ہمارے پاس بائیبل تھی اور ان کے پاس ہماری زمین”۔

یہ الفاظ ہیں جنوبی افريقہ کا ’اخلاقی پیمانہ‘ قرار دیے جانے والے نوبل انعام يافتہ آرچ بشپ ڈيسمنڈ ٹوٹو کے جو آج انتقال کر گئے ہيں۔ جنوبی افریقہ میں نسلی امتیاز کے خلاف کوششوں کے سبب ڈیمسنڈ ٹوٹو کو دنیا بھر میں سراہا جاتا ہے۔

جنوبی افریقہ میں نسلی امتیاز کے خلاف سرگرم رہنے والے اور ملک کا اخلاقی پیمانہ‘ قرار دیے جانے والے آرچ بشپ ڈیسمنڈ ٹوٹو 90 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے جنوبی افریقی صدر سرل رامافوسا نے انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ رامافوسا کے مطابق، آرچ بشپ امیریٹس ڈیسمنڈ ٹوٹو کا انتقال ہماری قوم کی طرف سے جنوبی افریقہ کی ایک ایسی غیر معمولی نسل کو الوداع کہنے کا دکھ بھرا ایک اور باب ہے، جنہوں نے ہمیں ایک آزاد جنوبی افریقہ ورثے میں دیا‘‘۔

انہيں نسلی بنيادوں پر امتياز کے خلاف آواز بلند کرنے کی وجہ سے نہ صرف اپنے ملک بلکہ عالمی سطح پر سراہا جاتا ہے۔ ٹوٹو فلسطينی علاقوں پر اسرائيلی قبضے کی مخالفت، موسمياتی تبديليوں اور ہم جنس پرستوں کے ليے مساوی حقوق کے ليے آواز اٹھاتے آئے ہيں۔ انہيں سن 1984 ميں نوبل امن انعام سے نوازا گيا تھا۔

جنوبی افریقہ میں سفید فام اقلیت کی طرف سے سیاہ فام اکثریت کے خلاف نسلی امتیاز کے خلاف جن شخصیات نے بھرپور کوشش کی، ان میں ڈیسمنڈ ٹوٹو ایک طاقتور ترین آواز تھے۔ انہوں نے اس کے خاتمے کے لیے انتھک لیکن عدم تشدد پر مبنی محنت اور کوشش کی۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے پہلے جوہانسبرگ کے پہلے سیاہ فام بشپ کے طور پر اور پھر کیپ ٹاؤن کے آرچ بشپ کے طور پر اپنے اثر و رسوخ کو استعمال کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے نسلی امتیاز کے خاتمے کے لیے ملک میں اور بین الاقوامی سطح پر رائے عامہ ہموار کرنے کے مقصد سے عوامی مظاہروں کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔

ڈیسمنڈ ٹوٹو سات اکتوبر 1931ء کو جوہانسبرگ کے مغربی علاقے میں پیدا ہوئے۔ ان کی والدہ ایک گھریلو ملازمہ تھیں جبکہ والد ایک استاد تھے۔ وہ 1978ء میں ساؤتھ افریقن کونل فار چرچز‘ میں پہلے سیاہ فام سیکرٹری جنرل بنے۔ اس طرح انہیں اس کونسل کے ڈیڑھ کروڑ ارکان پر اپنا اثر ورسوخ استعمال کرنے کا موقع ملا تاکہ ملک میں نسلی امتیاز کے خاتمے کے لیے کوشش کی جا سکے۔

ٹوٹو کو جنوبی افریقہ کی نسلی عصبیت پر مبنی حکومت کے خلاف آواز بلند کرنے پر نوبل امن انعام سے نواز گیا۔ اسی برس وہ جوہانسبرگ کے پہلے سیاہ فام آرچ بشپ مقرر ہوئے اور انہوں نے عالمی برادری سے جنوبی افریقہ کی سفید فام اقلیتی حکومت کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کیا۔ جنوبی افریقہ میں اپارتھائیڈ کا خاتمہ 1994ء میں ہوا۔

ڈیسمنڈ ٹوٹو نے 2010ء میں 79 برس کی عمر میں عوامی زندگی سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ وہ آخری مرتبہ عوامی طور پر رواں برس اس وقت دکھائی دیے جب وہ کووڈ کی ویکسین کے لیے ایک ہسپتال گئے۔ انہوں نے وہیل چیئر سے ہاتھ ہلائے مگر اس موقع پر کوئی گفتگو نہیں کی تھی۔

dw.com/urdu & Web desk

Comments are closed.