میں نیشنل ازم پہ کاربند کیوں ہوں ؟ حصہ11


مہرجان

 دنیا کبھی جنگ سے باہر نکلی ہی نہیں (بابا مری ) کی یہی بات اسی انداز میں بہت پہلے یونانی فلاسفر ہیراقلیطوس نے کہی کہ “مزاحمت ہی انصاف ہے “۔ دوسرے الفاظ میں

War is father of all things

جبکہ ھیگل کے فلسفہ کی بنیاد ہی یہی ہے، کہ دنیا کبھی جنگ سے باہر نہیں نکلی ، اگر وسیع تناظر میں دیکھا جائے   تو بلوچستان کا جغرافیہ سرد جنگ میں گرم جنگ کا میدان بنا ہوا ہے لیکن اسے ریاستی تناظر میں دیکھیں تو ریاست کی جنگ اب دو محاذوں پہ شروع ہوئی ،ایک وہ جنگ جو دیکھی جاسکتی ہے جس کی گرج سُنی جاسکتی ہے جس کے لیے لشکر و سپاہ ، میدان کا ہونا ضروری ہے جو گرامشی کے ہاں پولیٹکل سوسائٹی کے دائرہ  میں آتاہے۔ایک وہ جنگ جو اذہان میں لڑی جارہی ہے، جو نہ دیکھی جاسکتی ہے نہ اسکی آواز کی گرج سنی جاتی ہے جس کے لیے میدان ،لشکر و سپاہ کی ضرورت نہیں ،جسے پوسٹ کالونیل تھیوری میں “علمیاتی تشددکہا جاتا ہے جس کا داہرہ کار گرامشی کے ہاں “ سول سوسائٹی “ہے ۔

ان دو جنگوں کا تعلق اک طرح سے جدلیاتی ہے ، یہ ایک دوسرے کے لیے معاون کار ہے جب بابا مری سے پوچھا گیا کہ 1977کی لڑائ ختم ہوئی تو بابا یک دم بولے کہ “یہ جنگ کا خاتمہ نہیں تھا بلکہ ایک راؤنڈ کا خاتمہ تھا۔ جنگ 1977کے بعد بھی جاری رہی “ اس لیے کہا جاتا ہے کہ وہ جنگ جو میدان میں لڑی جاتی ہے “گرم جنگ” کہلاتی ہے اور دوسری جنگ جو اذہان میں لڑی جاتی ہے ادارہ جات ، نصاب ، میڈیا میں “سرد جنگ “کا حصہ ہوتی ہے ۔سرد جنگ میں لڑی جانے والی جنگ کا مقابلہ بھی نظریاتی (سیاسی محاذ /ثقافتی محاذ) کے طور محکوم کی طرف سے لڑی جارہی ہوتی ہے فرق صرف بقول ماؤ ہتھیار کا ہے ایک کے پاس بندوق جبکہ دوسرے کے پاس قلم ہوتا ہے ۔

 اب کسی بھی بلوچ کو اگر فقط بلوچیت کے نام پراٹھایا جاتا ہے اسکی حیثیت بقول بابا مری “جنگی قیدی کی ہوتی ہے” کیونکہ وہ سرد جنگ کا حصہ دار ہے، وہ اس ریاستی سیاسی نظریہ کا مخالف ہے جو ریاستی ادارے سول سوسائٹی کے سہارے پہ کبھی مذہب کے نام پہ ، کبھی امن کے نام پہ ، کبھی جمہوریت اور مختلف اصطلاحات کی آڑ میں ترویج کررہے ہوتے ہیں وہ بقول جارج آرویل لفظوں کے سامنے ہتھیار نہیں پھینکتا بلکہ لفظوں کو ، اصطلاحات کو خود اپنی زمینی حقائق و مٹی کی محبت سے جوڑ کر معنی و مفاہیم دے رہا ہوتا ہے۔ اس لیے اس کی حیثیت جنگی قیدی کی ہوجاتی ہے۔

 نیو کالونیل ریاست کے ابتدائی ادوار میں سول سوسائٹی کا جنگی کردار بہ نسبت پولیٹکل سوسائٹی کے جنگی کردار سے زیادہ پر اثر اور خطرناک تھا۔ ریاست کی بنیاد کو چونکہ جبر اور مصنوعی ریاست کی شکست و ریخت کا خوف تھا اس لیے شروع دن سے ون یونٹ کا قیام عمل میں لایا گیا۔ ون یونٹ کے قیام میں جہاں پنجاب کی حق حکمرانی کو بنگال کی آبادی کے تناسب سے تقویت دینی تھی وہیں پہ بلوچستان میں جاری قومی جہد کو “قبائلی شورش یا سردارترقی مخالف کا نام دے کے کر دبانا مقصود تھا۔

ون یونٹ کے قیام کے عمل سے سب سے پہلے مختلف اقوام کی زبان، ثقافت ، طرز معاشرت پر پاکستانیت کے نام پہ براہ راست حملہ کیا گیا تاکہ ریاستی جبر کو دوام بخشا  جائے اور کمزور ریاستی بنیادوں کو سہارا دیا جائے، ریاستی سول سوسائٹی کے زیر اثر نہ صرف بلوچستان کے مذہبی لوگ آئے جن کے سامنے یہ دعویٰ رکھا گیا کہ پاکستان کے قیام کی بشارت پیغمبر نے خواب  میں آکر دی ہے بلکہ ایسے لوگوں کو ریاستی سول سوسائٹی نے خطرناک طریقے سے زیر اثر لائی جو قومی جہد کو فقط قبائلی شورش قرار دینے لگے اور قومی راہنماؤں کو قباہلی راہنما کہہ کر ریاستی راگ الاپنے میں قبضہ گیر کی زبان بولنے لگے۔

 ریاست کا پورا زور اس بات پہ تھا کہ آپ کی دشمن ریاست نہیں بلکہ سردار و نواب ،ہیں، اور وہ بھی وہ سردار و نواب جو ریاستی جبر کے سامنے دیوار بنے رہے۔ اس لیے آپ کو پہلے ان ترقی مخالف سرداروں کے خلاف اٹھنا چاہیے۔ تو دوسری طرف ریاستی میر اور سردار بھی بنائے گئے۔غرض بلوچ قومی سیاست کے حوالے سے ریاست نے دوہرا کھیل رچایا جو سردار ریاستی جبر کے خلاف کھڑے ہوئے ان کے خلاف پروپیگنڈہ کیا گیا جبکہ دوسری طرف خودساختہ سردار  بنائے بھی گئے ،اب بجائے  بلوچ قومی سیاست وحدت میں رہ کر پاکستانیت کا مقابلہ کرتے ایک اور سرد جنگ انکے اپنے درمیان شروع ہوئی ،جو ریاستی سوسائٹی کے زیر اثر چلتی رہی ،ان میں سے اکثر اپنی نظریاتی بنیاد کو سوشل ازم سے جوڑتے رہے لیکن بدقسمتی سے وہ سوشل ازم کے جدلیاتی کردار اور اپنی زمین کے پس منظر سے ناواقف ہوکر صرف سردار مخالفت کو ہی سوشل ازم سمجھتے ہیں جبکہ بابا مری جدلیاتی طریق کار و زمینی حقائق سے بخوبی واقف تھے اس لیے وہ کبھی بھی ان صفوں میں نہیں  پائے گئے اور نہ ریاستی سول سوسائٹی کے زیر اثرآئے۔

دوسری طرف پنجابی قوم اس بات پہ قائل ہو چکی تھی کہ یہ لوگ پسماندہ ، جاہل اور وحشی ہیں جن پہ حکمرانی کرنا ہمارا حق بنتا ہے۔ بنگالیوں کے قد و کاٹھ ،رہن سہن کو متواتر نشانہ بنایا گیا۔ باقاعدہ سیاسی میٹینگز ،کابینہ کے اجلاسوں میں بنگالیوں کو تضیحک کا نشانہ بنایا گیا ، اسی طرح ڈیرہ بگٹی (سوئی) سے نکلنے والی سوئی گیس سے وہاں کے رہنے والے افراد کو اس لیے محروم رکھا گیا کہ کہیں وہ اپنے آپ کو جلا نہ دیں۔ اور شروع دن سے نیوکالونیل ریاست کے ہر حربہ کو پنجاب کی اخلاقی و خاموش حمایت حاصل رہی۔ اب قوم پرست راہنماؤں سے کوئی بھی آواز اٹھتی وہ پنجاب کے سامنے غدار کے طور پیش کیا جاتا۔

 پنجاب اس عمل کو من و عن تسلیم کرتا ،اس کی سب سے بڑی وجہ لاشعور کاوہ خوف تھا کہ کہیں غیر فطری ریاست ٹوٹ نہ جائے، مذہبی کارڈ سے لے کر ہر سیاسی پروپیگنڈہ کو نصاب و میڈیا ، تعلیمی اداروں کا حصہ بنایا گیا ، اقلیتوں کے نام پہ سیاست کرنے والی مسلم لیگ اب پاکستان کو محکوم اقلیتی اقوام کا قبرستان بنانے پہ بضد ہوگئی۔ دوسری طرف محکوم اقوام کو اس بات کا شدت سے احساس ہورہا تھا کہ ون یونٹ کی ذریعے نہ صرف تاریخ و شناخت کو مسخ کیا جارہا ہے بلکہ ساحل وسائل پر بھی ہاتھ صاف کیا جارہا ہے ۔

اس لیے بابا مری نیب میں ہوتے  ہوئے بھی ایک الگ لائن میں کھڑے تھے۔ وہ کسی بھی قیمت پہ وسائل سے دستبردار ہونے کو تیار نہیں تھے، حتی کہ جب 73کے آئین پہ مشترکہ طور پہ دستخط کرنے کا وقت آیا، بابا مری بشمول اس وقت کے اُن کے فکری سیاسی احباب نے 73 کے آئین   پہ دستخط نہیں کیے اس طرح تہتر کا آئین“غیر متفقہ آئین”کے طور پہ نافذ کیا گیا ، سردار ترقی مخالف نعرہ کو ریاست کی سول سوسائٹی  نے باقاعدہ بطور مشن اپنایا ہوا تھا ۔

اس نعرہ کی حقیقت کو فاش کرنے کے لیے جونہی بلوچستان میں نیب کی حکومت قائم کی گئی تو سب سے پہلے انہی ترقی مخالف سرداروں نے اسمبلی میں سرداری نظام کیخلاف بل پیش کیا،بقول سردار عطاء اللہ مینگل کہ مرکزی حکومت  نے اس حوالے سے کوئی مدد نہیں کی ۔ اس کے ساتھ ساتھ ریاست کی نظر بلوچستان میں موجود زرخیز زمینوں پہ بھی تھی جہاں وہ آبادکاری کے ذریعے ڈیموگرافک تبدیلی چاہتے تھے جو کسی بھی نیو کالونیل ریاست کا خاصہ ہوتا ہے ۔ نیب کی حکومت کو کسی بھی صورت ڈیموگرافک تبدیلی قبول نہیں تھی ، اس لیے نیب کی حکومت کو فقط چھ ماہ برداشت کیا گیا ،حکومت کے خاتمہ کے ساتھ ساتھ ریاست کُھلی جارحیت پہ اتر آئی ،ا گر اس وقت بلوچ قوم قومی جہد نہ کرتی تو آج نصیر آباد کی زمینیں “چک نمبر” کی نظر ہوتی ، اور ریٹائرڈ جرنیل ایکڑوں کے مالک ہوتے۔

ریاست کی کھلی جارحیت میں بلوچوں کی لاشوں کو ہیلی کاپٹرز سے گرایا گیا ، خوف و وحشت ہر سُو پھیلایا گیا  اور ساتھ ساتھ سول سوسائٹی کے ذریعے یہ بات پھیلا ئی گئی کہ  یہ جنگ چند قبائلی سرداروں کیخلاف ہے جو ذاتی حیثیت سے شورش پھیلا رہے ہیں جو ریاست کی سالمیت کے لیے خطرناک ہے۔ انہی سرداروں کیخلاف بلوچستان میں بھی مہم چلائی گئی ۔اور مزے کی بات یہ تھی کہ اینٹی سردار کا رٹ لگانے والے پیپلز پارٹی جیسی فیوڈل لارڈز کی جماعت کی گود میں بیٹھ کر اینٹی سردار کا گردان الاپ رہے تھے۔

 بقول سردار عطاءاللہ مینگل بھٹو کے اقدامات اور ایوب خان کے اقدامات میں کوئی فرق نہیں تھا۔ ایک  کے پاس وردی تھا تو دوسرا جمہوریت اور حقوق کے نام پہ یہی کچھ کررہا تھا ، آج اگر کوئی دو ہزار سے پہلے والی قومی جہد کو قباہلی شورش کہتا ہے یا لکھتا ہے تو اس کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ اُس دہائی  میں وہ مخالف کیمپ میں بیٹھے تھے ۔ دانش کی اس جنگ میں لفظوں کی پہچان ،لفظوں میں چھپی ہوئی طاقت کو دیکھنا اور اس طاقت کے سامنے کھڑا رہنا ہی اصل دانشمندی ہے ۔

ریاست آج بھی اس قومی جہد کو انسرجنسی کہتا ہے اور بلوچ اکیڈیمیا کسی حد تک اس اصطلاح کو قبول کرچکا ہے، آج بھی ریاستی لبرل کے بڑے بڑےنمائندے بشمول پرویز ہود بھائی ، عامر رانا اس قومی جہد کو دہشت گردی لکھتے ہیں ۔ابھی کل کی ہی بات ہے کہ لبرل اخباروں کا نمائندہ اخبار (ڈان) نواب اکبر خان بگٹی کی شہادت کوایک قبائلی  چیف کا قتللکھا یا ان لبرلز کا جو اپنے انگریزی کا لمز میں یہ لکھتے ہیں کہ اب قومی جہد پڑھے لکھے نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے تو کیا قومی جہد کے پہلے کے معمار جاہل تھے ؟

لفظوں کے اس حصار کو توڑنا اس سے باہر نکلنا ہی دانشمندی و بلوچ سول سوسائٹی  کی ذمہ داری ہے جو بدقسمتی سے اس حوالے اب تک غیر فعال ہے ، کسی بھی آئیڈیالوجی خاص کر نیو کالونیل تناظر میں ڈی کالونائزیشن کے لیے زبان کا طاقت کے ساتھ تعلقکو سمجھنا ہر بلوچ پہ فرض ہے ، تاکہ یہ جنگ بھی (سیاسی محاذ /ثقافتی محاذ )بقول ماؤ قلم کے ہتھیار سے لیس ہوکر لڑی جائے جو کہ نیشنل ازم کے دائرے میں ہی ممکن ہے۔

 (جاری ہے)

میں نیشنل ازم پہ کاربند کیوں ہوں؟ حصہ دہم

میں نیشنلزم پہ کاربند کیوں ہوں؟۔۔ حصہ نہم

میں نیشنل ازم پہ کاربند کیوں ہوں ؟۔۔۔ حصہ ہشتم

میں نیشنلزم پہ کاربند کیوں ہوں؟ حصہ ہفتم

‏‎ میں نیشنل ازم پہ کاربند کیوں ہوں ؟۔۔ حصہ ششم

میں نیشنل ازم پہ کاربند کیوں ہوں ؟ حصہ پنجم

میں نیشنل ازم پہ کاربند کیوں ہوں ؟۔حصہ چہارم

میں نیشنل ازم پہ کاربند کیوں ہوں؟۔حصہ سوم

میں نیشنل ازم پہ کاربند کیوں ہوں۔حصہ دوم

میں نیشنل ازم پر کاربند کیوں ہوں؟