پاکستان کشمیر کا مسئلہ نہیں اٹھا سکتا

حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی پہلی برسی کے موقع پر علیحدگی پسند حریت کانفرنس نے مظاہروں کا ایک کیلنڈر جاری کیا تھا جس میں بیرون ملک مقیم کشمیریوں سے کشمیر کے مسئلے کو اقوام متحدہ اور دوسری بین الاقوامی ایجنسیوں تک پہنچانے کی اپیل کی گئی تھی۔ حریت کی اس اپیل کا اثر کہیں دیکھنے کو نہیں ملا۔ تاہم پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں مظاہرے ضرور ہوئے۔

برطانیہ کے شہر برمنگھم میں برہان وانی کے حق میں بیرون ملک مقیم کشمیریوں کو ریلی نکالنے کی اجازت دی گئی تھی لیکن بھارتی ہائی کمیشن کی مخالفت کے بعد وہ بھی واپس لے لی گئی۔

ایسا لگتا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ اب انڈیا اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر تک محدود ہوکر رہ گیا ہے۔ ایک زمانہ تھا جب انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں علیحدگی پسندی کا مسئلہ ایک بین الاقوامی مسئلہ سمجھا جاتا تھا۔ سنہ 1990 کی دہائی میں بین الاقوامی فورم پر اس مسئلے پر آواز اٹھائی جاتی تھی۔

پاکستان اس مسئلے کو بین الاقوامی سطح پر اٹھانے میں اکثر کامیاب بھی ہوا تھا۔ عرب ممالک بھی کشمیریوں کے حق میں بیان دیا کرتے تھے۔ اس مسئلے کو تقریباً ویسی ہی توجہ دی جاتی تھی جیسی کہ فلسطینی مسئلے کو۔لیکن پاکستانی ریاست کی طرف سے دہشت گردوں کی مسلسل حمایت کی وجہ سے  اب حالات بدلے سے نظر آتے ہیں۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اسے اب بین الاقوامی برادری نے سرد خانے میں ڈال دیا ہے۔

سری نگر میں سیاسی تجزیہ کار پی جے رسول کشمیر کے معاملے پر لکھتے رہتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں: ’کشمیر کے حوالے سے بین الاقوامی اور علاقائی سطح پر جو حالات ہیں، وہ پہلے سے بھی خراب ہیں۔ پاکستان تو اپنے مسائل میں الجھا ہوا ہے اور اس کی بین الاقوامی ساکھ پہلے سے بھی نیچے گر چکی ہے‘۔

برہان وانی کی موت کی پہلی برسی پر حریت کی طرف سے دی گئی ہڑتال کی اپیل کا اثر بہت کم نظر آیا۔ ان کی پہلی برسی پر سڑکوں پر مظاہرین ضرور نکل آئے تھے۔ سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ جھڑپیں بھی ہوئیں تھیں لیکن ان کے انڈیا مخالف مظاہرے سخت سیکیورٹی کے باعث اس بار کچھ دھندلے سے نظر آئے۔حریت کے لیڈروں کو ان کے گھروں میں نظر بند کر رکھا تھا اور وانی کے قصبے ترال کو چاروں طرف سے سیل کر دیا تھا، مگر گزشتہ سال کے مقابلے میں اس بار عام لوگوں میں جوش بہت کم تھا۔

تجزیہ نگار کہتے ہیں کہ دہشت گردوں کی حمایت کی وجہ سے پاکستان کی بین الاقوامی ساکھ متاثر ہوئی ہے اس لیے ا س کا کشمیر کا مقدمہ بھی کمزور ہوگیا ہے اور بین الاقوامی دنیا اس پر توجہ نہیں دے رہی۔پاکستان لشکر طیبہ، حزب المجاہدین اور جیش محمد کے ذریعے کشمیر میں دہشت گردی کی کاروائیاں کررہا ہے۔یاد رہے کہ برہان وانی پاکستان کی آئی ایس آئی کی حمایت یافتہ تنظیم حزب المجاہدین کا ایک کمانڈر تھا جو بھارتی فوج کے ہاتھوں مارا گیا تھا۔

بی جے پی لیڈر حنا بٹ کہتی ہیں، ’پاکستان کھل کر سامنے آگیا ہے۔ اس کو ایک شدت پسند ملک مانا جا رہا ہے تو وہ کس طرح کشمیر کی حمایت اور کشمیر کی بات کر سکتا ہے۔ دیگر ممالک میں بھی وہ انتہا پسندی کے دائرے میں آ چکا ہے۔ وہ کشمیر کا مسئلہ کس طرح اٹھا سکتا ہے‘۔

حریت کے لیڈروں سے بات کرنے کی کوشش ناکام رہی۔ پولیس نے نظر بند رہنماؤں سے کسی کو ملنے نہیں دیا۔ لیکن ان کے حامی کہتے ہیں کہ کشمیر کی تحریک زندہ ہے۔ اگر دنیا اسے بھول بھی جائے تو کشمیریوں میں ان کی قسمت کا فیصلہ خود کرنے کی کوششیں جاری رہیں گی۔ ان لیڈروں کے حامیوں کا کہنا ہے کہ حکومت ان کی تحریک کو کچلنا چاہتی ہے۔ ان کے مطابق بھارت کشمیر میں طاقت کے بل پر حکومت کر رہا ہے۔

جموں اور کشمیر پولیس کے ڈی جی پی ایس پی وید کہتے ہیں ’میں کہتا ہوں سب سے زیادہ کہیں آزادی ہے تو وہ ہندوستان میں ہے۔ مجھے نہیں معلوم کون سی آزادی ہم مانگ رہے ہیں۔ میرا یہ ماننا ہے کہ اگر کسی کو اپنی بات کہنی ہو تو جمہوریت مکمل اجازت دیتی ہے۔ آپ اپنا نظریہ ضرور رکھیں لیکن ہتھیار اٹھائے بغیر امن سے۔رسول کے مطابق انڈیا کا اثر دنیا میں کافی بڑھ چکا ہے۔ فلسطین اور کشمیر کے مسئلے پر بین الاقوامی برادری بھی اب دلچسپی نہیں لے رہی ہے۔

کشمیر کا مسئلہ اب بھی بڑا مسئلہ ہے لیکن اس کو پہلے جیسی حمایت اب حاصل نہیں۔

BBC/News Desk

One Comment