کمیونسٹ جماعتوں کے انضمام کا وقت آگیا : سدھاکر ریڈی

0,12579
سی پی آئی جنرل سیکریٹری ایس سدھاکر ریڈی نے غیرمنقسم کمیونسٹ پارٹی میں نصف صدی قبل تقسیم کی وجوہات کو آج کے دور سے غیرہم آہنگ قرار دیتے ہوئے سی پی آئی ایم کے ساتھ جلد از جلد انضمام کی حمایت کی اور کہا کہ ہندوستان میں کمیونسٹ تحریک کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے اور عوام بھی اس کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے نویں جماعت کے ایک طالب علم کی جانب سے ہندی زبان میں لکھے گئے مکتوب کا حوالہ دیا جس میں اس نے سی پی آئی اور سی پی آئی ایم کی انتخابی علامت کا خاکہ کھینچتے ہوئے سوال کیا کہ ان دو جماعتوں میں کیا اختلافات ہیں اور یہ دونوں الگ کیوں ہیں۔

سدھاکر ریڈی نے کہا کہ عوام کی یہ عین خواہش ہے کہ کمیونسٹ تحریک متحد ہوجائے اور وہ خود بھی اسے ایک اہم ضرورت مانتے ہیں۔ جہاں تک سی پی آئی ایم کا تعلق ہے، اس کا یہ موقف ہے کہ انضمام کا وقت ابھی نہیں ہے لیکن ان کا یہ احساس ہے کہ اس بارے میں سنجیدگی سے غور کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے سی پی آئی کے سی پی آئی ایم سے انضمام کے معاملے میں عجلت پسندی کی تردید کی۔

Daily Siasat, India

Comments are closed.