پاکستان میں 22 فیصد آبادی بھوک کا شکار ہے

_91884147_mediaitem91884143

دنیا کی واحد اسلامی ایٹمی طاقت پاکستان کی 22 فیصد آبادی بھوک کا شکار ہے مگر پاکستانی ریاست اس پر توجہ دینے کی بجائے مسلسل ہتھیاروں کی دوڑ میں مصروف ہے۔

پاکستان کی تقریباً چالیس فیصد سے زیادہ آبادی غربت کی سطح سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے جبکہ ریاست اور میڈیا امن کی بجائے مسلسل  جہادی تنظیموں کی سرپرستی اور جنگ جوئیانہ رویے پرموٹ کر رہا ہے۔

انٹرنیشنل فوڈ پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ کی جانب سے بھوک کا شکار ممالک کی فہرست جاری کی گئی ہے جس میں پاکستان 11ویں نمبر پر ہے۔رپورٹ کے مطابق دنیا کے کل 70 کروڑ 95 لاکھ افراد بھوک کا شکار ہیں۔

ادارے کی جانب سے گلوبل ہنگر انڈیکس 2016 میں مختلف ممالک کے لوگوں کو خوراک کی دستیابی کی صورتحال کے مطابق انھیں صفر سے 100 پوائنٹس کے درمیان تقسیم کیا گیا ہے۔

پاکستان 118 ممالک میں 11ویں نمبر پر ہے اور اس کے 33.4 پوائنٹس ہیں۔ پاکستان سے صرف 11 ملک ایسے ہیں جہاں بھوک کا شکار لوگوں کا تناسب زیادہ ہے۔ بھارت اس رپورٹ میں پاکستان سے بہتر ہے۔

سنہ 2008 میں پاکستان کے پوائنٹس 35 اعشاریہ ایک تھے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ اب یہاں بھوک میں کمی کچھ کم ہوئی ہے۔لیکن درجہ بندی سے معلوم ہوتا ہے کہ اب بھی غذا کی قلت کے شکار ممالک میں پاکستان تشویشناک صورتحال سے دوچار ممالک میں شامل ہے۔

پاکستان میں کل آبادی کا 22 فیصد حصہ غذا کی کمی کا شکار ہے اور آٹھ اعشاریہ ایک فیصد بچے پانچ سال سے کم عمر میں ہی وفات پا جاتے ہیں۔

افغانستان کا نمبر آٹھواں جبکہ انڈیا کا نمبر 22واں ہے۔انڈیا، نائجیریا اور انڈونیشیا سمیت 43 ممالک بھی تشویشناک کیٹیگری میں شامل ہیں۔

سنہ2016 کے انڈیکس کے مطابق سات ممالک میں بھوک کی صورتحال خطرناک حد تک پہنچ چکی ہے۔ ان میں صحارا، وسطی افریقہ، چاڈ، میڈاگاسکر، سیرالیون اور زمبیا شامل ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ سنہ 2000 سے لے کر اب تک بھوک کی شرح میں 29 فیصد کمی ہوئی ہے اور اس وقت صورتحال یہ ہے کہ کوئی بھی ترقی پذیر ملک غذائی قلت کی وجہ سے شدید خطرے سے دوچار نہیں ہے۔

تیرہ13 ممالک ایسے ہیں جہاں سے ڈیٹا اکٹھا نہیں کیا جا سکا ان میں سے دس ممالک ایسے ہیں جہاں بھوک و افلاس کی صورتحال شدید خطرناک ہے ان میں شام، سوڈان اور صومالیہ شامل ہیں۔

کوئی118 ممالک میں سے نصف ایسے ہیں جو بھوک کے شکار ہونے والوں میں ’خطرناک‘ یا ’تشویشناک‘ کیٹیگری میں شامل ہیں۔

ادارے کا کہنا ہے کہ سنہ 2030 تک دنیا سے بھوک کا خاتمہ کرنے کا ہدف تب ہی حاصل ہوسکتا ہے جب سیاسی طور پر اس کے حصول کی کوشش کی جائے اور جنگ و جدل کا خاتمہ ہو۔

BBC/News Desk

Comments are closed.