جنابِ من، مہاجر احمق  ہرگز ِنہیں ہیں

Asif-Javaid4

آصف جاوید

اس ہفتے کینیڈا میں لانگ ویک اینڈ ہے۔  یعنی تین دن چھٹّی ہی چھٹّی ہے۔ اپنی کاروباری اور سماجی مصروفیات کے سبب  مجھے  کتب بینی ،    اخبارات اور رسائل کے مطالعے کے لئے   بہت محدود وقت دستیاب ہوتا ہے۔۔ مگر جب بھی وقت ملتا ہے، میں  اپنے گھر کے بیسمنٹ میں قائم اپنی جنّت یعنی اپنی لائبریری  میں وقت گزارنے کو اپنی زندگی کی بہترین عیّاشی تصوّر کرتا  ہوں۔  لانگ ویک اینڈکی وجہ سے مجھے مطالعے کے لئے  لامحدود وقت کی کھلی چھوٹ مل گئی ہے، اور میں نے مختلف  بین القوامی اخبارات، رسائل، آن لائن میگزین، اور پاکستان کے سیاسی اور سماجی حالات کے تناظر میں لکھے گئے مضامین کا بھرپور مطالعہ جاری رکھا ہوا ہے۔۔

  آن لائن میگزین نیا زمانہ سے میں چونکہ خود بھی لکھتا ہوں، اس لئے اس میگزین  میں شائع ہونے والی تخلیقات کو میں روز ہی پڑھتا ہوں، آج نیا زمانہ میں مجھے محترم جناب  ایمل خٹک صاحب کے مضمون مہاجر علیحدگی پسندی اور پاکستانی ریاستکو بھی پڑھنے کا موقعہ ملا۔ مضمون پڑھنے کے بعد مجھ پر عجیب سی اضطرابی کیفیت طاری ہوگئی۔

میں چونکہ ایک انسانی حقوق کا عمل پرست بھی ہوں، اور اظہارِ رائے کی آزادی اور اور اختلافِ رائے کے حق کو تسلیم کرنے کا ایڈوکیٹ بھی  ہوں، لہذا ہر رائے، ہر نقطہِ نظر اور ہر تحریر کا احترام کرتا ہوں۔  اور کبھی بھی کسی کالم نگار کے مضمون پر جوابی کالم لکھنے سے اعتراض برتتا ہوں۔ کیونکہ اگر مجھے کسی سے کسی بھی مرحلے پر کوئی نظریاتی اختلاف ہو بھی جائے تومیں اسے ذاتی اختلاف بنانے سے پرہیز کرتا ہوں۔

نظریاتی اختلاف کو جوابی کالم لکھ کر ذاتی اختلاف بنا  نا ایک   گھٹیا حرکت ہے۔ مگر چونکہ میں جناب ایمل خٹک صاحب کی تحاریر کا قاری بھی  ہوں ، اور بحیثیت قاری میرا ایمل خٹک صاحب سے ایک روحانی تعلّق بھی ہے۔ لہذا  بحیثیت قاری میں نے  اپنا اختلافی نوٹ جناب ایمل خٹک صاحب کے مضمون کے نیچے دئے گئے کمنٹس میں درج کردیا ہے۔

اب بحیثیت کالم نگار   میں جو کچھ بھی لکھوں گا وہ کالم کے جواب میں کالم نہیں ہوگا، بلکہ وہ  بحیثیت کالم نگار میرا اپنا نقطہ ِ نظر یعنی میرا اپنا  کالم  ہوگا۔ اور امید رکھتا ہوں کہ جناب ایمل خٹک صاحب بھی اس کو میرا کالم ہی سمجھیں گے ،  ذاتی اختلاف، یا جوابی کالم  نہیں سمجھیں گے۔

مہاجر لبریشن آرمی یا مہاجر لبریشن موومنٹ کا شوشہ کوئی نیا شوشہ نہیں ہے۔ اس سے پہلے بھی ہم نے  1992 میں مہاجر قومی موومنٹ کے خلاف ریاستی آپریشن کے دوران کراچی  کی سڑکوں پر اس قسم کی وال چاکنگز اپنی آنکھوں سے دیکھی ہیں۔ مہاجر لبریشن آرمی یا مہاجر لبریشن موومنٹ کوئی غیر مرئی آرمی یا موومنٹ  تو ہو سکتی ہے۔ یا کسی کے  تخریبی ذہن کی اختراع تو ہو سکتی ہے۔ مگر ایسی کسی تنظیم کا کوئی حقیقی اور زمینی  وجود آج تک سامنے نہیں آیا ہے۔ 

سنہ  1992 میں جب  سندھ میں بڑی مچھلیوں کے خلاف کارروائی ، اور  ڈاکووں ، رسّہ گیروں، پتھاریداروں ، اغواکاروں کے خلاف آپریشن کی آڑ میں جب سندھ کے شہری علاقوں کی نمائندہ سیاسی تنظیم مہاجر قومی موومنٹکے خلاف ، فوج کی سربراہی  میں ریاستی آپریشن کا آغاز ہوا تو، مہاجروں اور پوری قوم کو اس وقت بھی جناح پور کے نقشے برآمد کرکے حیران و ششدر  اور گمراہ کیا گیا تھا۔

مہاجر حیران و پریشان تھے کہ ہم نے تو  صوبہ سندھ میں قائم کئے گئے نا انصافی اور امتیاز پر مبنی شہری اور دیہی کوٹہ سسٹم اور مساوی شہری حقوق، وسائل و اقتدار میں مساوی شرکت کے لئے اپنی پر امن  سیاسی جدوجہد کا آغاز کیا ہے، یہ جناح پور کے نقشے کہاں سے آگئے؟ مہاجر حیران و پریشان اپنی آپس کی گفتگو میں کہتے پھرتے تھے کہ ہم تو   پاکستان کی چار دیواری کے اندر شہری حقوق کی پرامن سیاسی جدوجہد میں مصروف ہیں، یہ پاکستان سے آزادی حاصل کرکے ایک نیا ملک جناح پور کا منصوبہ کہاں سے نازل ہوگیا؟

اسٹیبلشمنٹ اور میڈیا الزام لگاتا رہا ، مہاجر صفائی دیتے رہے، کسی نے یقین کیا، کسی نے نہیں کیا۔ مگر بعد میں اس ہی ریاست کے کارندوں یعنی  اعلیفوجی افسران نے ٹی وی پر آکر اعلانیہ انکشاف کیا کہ تمام الزامات جھوٹے تھے، سب اسٹیبلشمنٹ کی کارستانی تھی۔  مگر مہاجر بدنام تو ہوگئے، ان  کی حب الوطنی پر سوالیہ نشان تو لگ گیا۔

مہاجروں کی پر امن سیاسی جدوجہد کو دبانے کے لئے مہاجروں کی حب الوطنی پر 1992 سے لے کر آج تک الزامات لگ رہے ہیں، آج تک مہاجروں کی نمائندہ سیاسی جماعت بدترین ریاستی دہشت گردی کا شکار ہے۔  اسٹیبلشمنٹ جب مہاجروں کی نمائندہ سیاسی جماعت کو سیاسی شکست دینے میں ناکام ہوجاتی ہے تو، پھر مہاجروں کی حب الوطنی کو ریاستی پروپیگنڈہ کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

جناح پور کے الزام کے بعد مہاجروں پر انڈیا کا ایجنٹ ہونے ، را کا ایجنٹ ہونے اور ملک دشمن ہونے کے الزامات بھی ایک تسلسل کے ساتھ  لگائےگئے ہیں۔ اب دوبارہ مہاجر لبریشن آرمی کا شوشہ  بھی ایک ریاستی پروپیگنڈہ ہے۔جو اسٹیبلشمنٹ نے اپنے مذموم مقاصد کے لئے چھوڑا ہے۔ مہاجروں کے آباواجداد نے پاکستان بنایا تھا، غیر منقسم ہندوستان کے اقلیّتی صوبوں میں پاکستان  کے قیام کی تحریکیں چلائی تھیں۔ جان و مال کی قربانی دے کر  پاکستان حاصل کیا تھا،  پاکستان کے لئے اپنا سب کچھ چھوڑ کر  پاکستان ہجرت کی تھی۔

مہاجروں کو ہندوستان عزیز ہوتا تو ، پاکستان بنا تے ہی کیوں؟اپنا سب کچھ چھوڑ کر ہندوستان سے  پاکستان   ہجرت کیوں کرتے؟ وقت آنے پر ان الزامات کےجوابات  بھی مل جائیں گے ۔ مگر  اس مرحلے پر دشنام طرازی کرنے والوں کہ یہ بتانا ضروری ہے کہ مہاجر محبِّ وطن ہیں، اور مہاجروں کو اپنی حب الوطنی ثابت کرنے کے لئے کسی سے کوئی سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں ہے۔ مہاجر شعور رکھتے ہیں۔

جس مہاجر لبریشن موومنٹ نامی سوشل میڈیا تنظیم کا  ذکر کیا جارہا ہے، اسکا صوبہ سندھ کے شہری علاقوں میں رہنے والے پرامن اور سچّے  محبِّ وطن مہاجر اردو اسپیکنگ عوام کی مساوی شہری حقوق کے حصول  کی سیاسی جدوجہد سے کوئی واسطہ نہیں ہے۔ مہاجر پاکستان کی جغرافیائی حدود میں سیاسی عمل کے زریعے مساوی شہری حقوق کی جدوجہد کررہے ہیں۔

مہاجروں کی اس جدوجہد کو ریاستی عسکری اسٹیبلشمنٹ اپنی پوری طاقت اور بے رحمی کے ساتھ کچل رہی ہے۔ مہاجر لبریشن موومنٹ یا مہاجر لبریشن آرمی کا حقیقی وجودنہیں ہے۔ اگر ہے تو  الزام لگانے والوں پر لازم ہے کہ اس غیر مرئی تنظیم  کو تخلیق کرنے سے پہلے آپ مہاجر لبریشن موومنٹ نامی تنظیم کےحقیقی وجود کا کوئی ٹھوس ثبوت پیش کر یں۔   قوم کو افسانوی کرداروں سے بدگمان نہ کریں۔

مہاجر بہت ذی ہوش اور محبِّ وطن پاکستانی ہیں۔ جو سندھ میں شہری اور دیہی،  ناجائز کوٹا سسٹم کے خاتمے اور یکساں شہری حقوق کے حصول کے لئے ایک سیاسی جماعت کے پرچم تلے اکھٹّے ہوئے  ہیں۔  مہاجر اپنا اچھاّ، برا سمجھنے والے ذی ہوش پاکستانی ہیں۔ مہاجروں کو اچھّی طرح معلوم ہے کہ ریاست سے مسلّح جنگ کے کیا نتائج ہو سکتے ہیں،  ریاست کے جسم پر وردی اور ہاتھ میں ہتھیار ہوتا ہے۔ حقوق مانگنے والے نہتّے  ہوتے ہیں اور ریاست   مسلّح ہوتی ہے۔ نہتّے ہاتھوں سے  مسلّح ریاستی طاقت کا مقابلہ نہیں کیا جاسکتا۔

مہاجر احمق نہیں ہیں۔   مہاجر حقوق چاہتے ہیں۔  موت نہیں۔ مہاجر ریاست سے مسلّح جدوجہد کرکے خودکشی کرنا نہیں چاہتے ۔ مہاجر ریاست سے مسلّح جدوجہد کا راستہ کبھی بھی اختیار نہیں کریں گے۔ اگر کسی احمق مہاجر نے ریاست کے ساتھ مسلّح جنگ کی حماقت کی تو اسکا انجام  سری لنکا کی تامل لبریشن آرمی کے انجام جیسا ہی ہوگا،  پروپیگنڈے کا شکار ہونے والے پاکستانی یقین رکھیں  کہ کوئی محبِّ وطن مہاجر ریاست سے مسلّح جدوجہد کا تصوّر بھی نہیں کرسکتا ۔

مہاجروں کو اس امر کا احساس ہے۔ مہاجروں کے بزرگوں نے تو پاکستان بنایا تھا۔ کوئی اپنی بنائی ہوئی چیز کو کیسے برباد یا تباہ کرسکتا ہے۔ ہاں یہ بات علی الاعلان کہی جاسکتی ہے، کہ پاکستان کے تین صوبے اس وقت عملا” پنجاب کے غلام ہیں ۔ طاقت اور اقتدار کے سرچشمے یعنی افواج ِ پاکستان پر بھی پنجاب کا قبضہ ہے۔ 90 فیصد جرنلز، 85 فیصد افسران، اور 75 فیصد جوانوں کا تعلّق پنجاب سے ہے۔ یہ پنجابی فوج ہے، قومی فوج ہرگز نہیں ہے۔  52  فیصد آبادی کا صوبہ عملا”  80 فیصد سے زائد اقتدار اور وسائل پر قابض ہے۔

پنجاب  ایک عفریت بن گیا ہے، جس سے چھوٹے صوبے نالاں ہیں۔ ان مسائل سے  نجات حاصل کرنا ضروری ہے۔ لہذا ضروری ہے کہ ان مسائل پر کھل کر بات کی جائے۔  پنجاب کی غلامی سے نجات حاصل کی جائے، مگر یہ نجات ملک توڑ کر نہیں، بلکہ  آئینی    اصلاحات کے ذریعے حاصل کی جائے۔ پاکستان کی چار دیواری اور ملک کو سلامت رکھتے ہوئے، پنجاب کی غلامی سے نجات حاصل کی جائے۔   نئے صوبے بنا کر اور وسائل اور اقتدار کا نیا شراکتی فارمولا تشکیل دے کر نجات حاصل کی جائے۔

حقوق کی پر امن سیاسی جدوجہد کی راہ میں روڑے اٹکانے  والے اور جدوجہد کو گھٹیا  الزامات کا نشانہ بنانے والے قابلِ مذمّت ہیں۔ میں  بحیثیت قلم کار ، اور ایک درد مند پاکستانی ، مہاجر لبریشن موومنٹ یا مہاجر لبریشن آرمی نامی کسی بھی تنظیم یا گروہ جو کہ حقیقی وجود رکھتا ہو یا کوئی غیر مرئی سوشل میڈیا وجود رکھتا ہو  کی سخت مذمّت کرتا ہوں۔ اور   ایسے تمام پاکستان دشمن لوگوں کو جو مسلّح جدوجہد کا راستہ اختیار کرنے کے لئے پر امن مہاجروں کو ورغلانہ یا اکسانا  چاہتے ہوں کی سخت مذمّت کرتا ہوں۔

میری مذمّت اور احتجاج ہر اس پاکستان دشمن تنظیم کے لئے ہے جو پرامن سیاسی جدوجہد کا راستہ چھوڑ کر ریاست سے مسلّح جنگ کرنا چاہتا ہے۔ مگر میں ساتھ ساتھ پاکستان میں ریاستی دہشت گردی، زیرِ حراست تشدّد اور ماورائے عدالت قتل اور ریاست کی جانب سے سیاسی کارکنوں کی مسخ شدہ لاشیں پھینکنے اور اپنے  ہی عوام کے خون سے اپنے ہاتھ رنگنے کی بھی سخت مذمّت کرتا ہوں۔ ریاستِ پاکستان کے ہاتھ اپنی ہی عوام   کے خون سے رنگے ہیں،  جس کی میں سخت مذمّت کرتا ہوں۔

پر امن سیاسی جدوجہد کو مسلّح خونی تصادم میں تبدیل  کرنے کی خواہش رکھنے والے ہی پاکستان کے اصل دشمن ہیں۔ جن کو میں بتا دینا چاہتا ہوں کہ یہ پیارا وطن پاکستان ، عوام نے بنایا تھا۔ عوام ہی اس ملک کی تقدیر کے اصل مالک  ہیں۔ یہ پیارا وطن پاکستان مسلمانوں کے لئے ایک عوامی فلاحی ریاست کے طور پر وجود میں آیاتھا، جسے بدقسمتی سے عسکری فلاحی ریاست  میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ 

اب وقت آگیا ہے کہ  مذہب کو ریاست اور ریاست کو سیاست سے علیحدہ کر کے اسلامی جمہوریہ پاکستان کو عوامی جمہوریہ پاکستان بنا دیا جائے۔ تاکہ ریاست پاکستان کے تمام شہری بلا امتیاز مذہب، عقیدہ، فرقہ ، زبان، رنگ و نسل برابر ہوں اور وسائل اور اقتدار میں منصفانہ  شرکت کے اہل ہوں۔

سب ہی کا خون ہے شامل یہاں کی مٹّی میں کسی  کے  باپ    کا   پاکستان  تھوڑی   ہے۔

8 Comments