معروف اداکارہ دیپیکا پادوکون فلم ’83‘ میں کپل دیو کی اہلیہ کا کردار نبھا رہی ہیں اور اس فلم میں موجود ان کے لُک کو ریلیز کیا گیا ہے جسے لوگ کافی پسند کر رہے ہیں۔
رنویر سنگھ کی کرکٹ پر بن رہی فلم ’83 ‘ جلد عوام کے سامنے آئے گی اور اس میں کرکٹ کی تاریخ کا وہ حصہ دکھایا جائے گا جو ہندوستانی کرکٹ میں ہمیشہ تاریخی حیثیت رکھتا ہے۔ 1983 میں ہندوستان نے پہلی مرتبہ کرکٹ کا عالمی کپ جیتا تھا اور اس وقت اس ٹیم کی قیادت کپتان کپل دیو کر رہے تھے۔ ’83‘ کے نام سے بنی فلم میں دیپیکا پادوکون کپل دیو کی اہلیہ رومی کا کردار نبھا رہی ہیں اور اس فلم میں وہ کیسی لگیں گی اس کا پہلا لُک جاری کر دیا گیا ہے۔
کپل دیو کی بیوی رومی کا کردار نبھانے والی دیپیکا پادوکون کا پہلا لُک ان کے شوہر بنے رنویر سنگھ(کپل دیو) کے ساتھ جاری کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اس فلم میں رنویر سنگھ کپل دیو کا کردار نبھا رہے ہیں۔ جو تصویر جاری کی گئی ہے اس میں دیپیکا پادوکون کالے رنگ کی ہائی نیک کے ساتھ کوٹ اور اسکرٹ پہنے رنویر کے ساتھ کھڑی ہیں اور دیپیکا اس لک میں تھوڑا الگ لگ رہی ہیں۔
اس فلم کو لے کر دیپیکا کا کہنا ہے کہ ’’کھیل کی تاریخ میں ایک کردار نبھا کر اس کا حصہ بننا عزت کی بات ہے۔‘‘ واضح رہے کہ دیپیکا ایک ایسے خاندان سے آتی ہیں جو ہندوستانی کھیلوں کی تاریخ میں ایک مقام رکھتا ہے۔ دیپیکا کے والد پرکاش پادوکون پہلے ہندوستانی ہیں جنہوں نے ہندوستان کو بیڈمنٹن میں آل انگلینڈ کا خطاب جیت کر پہلی بار بیڈمنٹن میں ایک پہچان دی تھی۔
سابق کرکٹر کپل دیو ابتدا میں ایسی کوئی فلم بنانے کے حق میں نہیں تھے لیکن جب فلم پروڈیوسر کبیر سنگھ نے پوری اسکرپٹ سنائی تو کپل دیو کا کہنا تھا کہ ’’جب پوری کہانی پر گفتگو ہوئی تو میری اپنی پرانی یادیں تازہ ہو گئیں اور پھر میں نے بغیر سوچے ہاں کر دی‘‘۔
واضح رہے کہ 1983 تک کرکٹ کی دنیا میں ہندوستان کا کوئی مقام نہیں تھا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو بہت مضبوط تسلیم کیا جاتا تھا لیکن کپل دیو کی کپتانی میں ہندوستانی ٹیم نے وہ کام کر دیا جس نے عالمی کرکٹ میں ہندوستان کو ایک اعلی مقام دیا۔ کپل دیو کی کپتانی میں عالمی کپ کے فائنل میں ہندوستان نے ویسٹ انڈیز کو ہرایا تھا۔
روز نامہ قومی آواز، دہلی
♥