قانون فہم
پاکستان پیپلز پارٹی کے بہت سے دوستوں کو دیکھا کہ وہ خلیل الرحمن قمر کی مذمت کرنے سے پہلے لکھتے ہیں کہ ماروی سرمد سے ہمیں بہت سے اختلافات ہیں۔ حضور ایک بات سمجھنے کی کوشش کیجئے کہ خلیل الرحمن قمر کے بیانیہ کے متصادم حق بات کرنے والے کی کردارکشی ہمیشہ ہوتی ہے۔ ماروی سرمد کی بھی کردار کشی اسی طرح کی گئی ہے جیسے پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت کی۔
اگر آپ اپنے تصورات زندگی اور آئیڈیل میں یکسو ہیں تو ماروی سرمد کی ذات سے آپ کو ہرگز ایسا کوئی اختلاف نہیں ہے کہ جس کی بات پر آپ کو شرمندگی اٹھانا پڑے۔
ماروی سرمد میں زندگی میں نہ کسی کی جان لی نہ وہ کسی کی جان لینے کا سوچ سکتی ہے۔وہ دہشت گردوں کے سرپرست نہیں ہے ۔قاتلوں کے کسی ٹولہ کی سرغنہ نہیں ہے۔وہ غیر ممالک سے پیسہ لے کر پاکستان کے قابل ترین ڈاکٹروں انجینئرز اور پیشہ ور لوگوں کی قاتل نہیں رہی۔
ماروی سرمد سگریٹ پیتی ہیں سینکڑوں سال سے انڈیا میں ہماری خواتین حقہ پیتی چلی آئی ہے۔آپ میں سے بہت سے لوگوں کی نانی دادی حقہ پیتی تھی یہ کوئی گناہ کبیرہ یا بدفعلی قسم کی چیز نہیں ہے۔ ماروی سرمد مظلوموں کے ساتھ کھڑی نظر آتی ہیں۔ قاتلوں کی مذمت میں کلیئر ہیڈڈ ہیں۔
مردوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے وہ اپنی صنفی امتیاز کو نمایاں کرنے کی بجائے انہی کی زبان میں گفتگو کرتی ہیں۔ مذہبی بریگیڈ یا غیرت بریگیڈ جو کہ دلائل سے عاری جاہل اور پرانے زمانے کے لوگ ہیں۔ ان کی ذرا سی عزت کی جائے تو وہ سر پر چڑھ جاتے ہیں اور گالی گلوچ کرتے ہیں۔ ماروی سرمد ہمیشہ ان کے ساتھ حساب برابر کرتی ہیں۔ آج تک کبھی ایسا نہیں ہوا کہ ماروی نے گالی دینے میں پہل کی ہو۔
ہمارے معاشرہ میں عورت کو کچھ اس طرح کا دیکھا جانا پسند کیا جاتا ہے کہ مرد اپنا جسم اشتعال کی حالت میں عورت کے جسم سے ٹچ بھی کر دے تو وہ اُف نہ کرے۔ ہمارے گھروں کے اندر کے واقعات اور ہمارا لٹریچر اس بات کا گواہ ہے۔ بچوں بچیوں اور گھریلو خواتین کے ساتھ نازیبا رویہ ہماری معاشرت میں موجود ہے۔
ماروی اس کا ببانگ دہل انکار کرتی ہے۔
اگر آپ محب وطن پاکستانی ہیں تو پاکستان میں موجود برائیوں کے سرغنہ۔ دہشت گردی کے سرپرستوں۔ منشیات کا کاروبار کرنے والے سرپرستوں۔اور پاکستان کی یکجہتی اور امن و امان کے خلاف سازش کرنے والے سرغنوں کے خلاف برا سوچیں اور کہیں۔جو بھی سماجی کارکن ان غنڈوں اور اجارہ داروں کے خلاف کھلے عام جہاد میں موجود ہیں ان کی غیر مشروط حمایت کریں۔
ماروی سرمد پی پی پی کی قیادت کی تنظیم یا ترتیب میں موجود نہیں ہیں۔ اس لیے محض اس وجہ سے کہ وہ ہماری نہیں ہیں آپ اپنی ریزرویشن بیان کروانے کی بجائے ان کی گفتگو ان کی جدوجہد اور ان کے مشعل راہ اصولوں کے پیش نظر ان کی حمایت یا مخالفت کا فیصلہ کریں۔
بہت سے لوگ پی پی پی سے وابستہ نہیں ہیں۔ لیکن اصولوں پر ڈٹ کر کھڑے ہوئے ہیں یاد رکھیے یہ غیرت بریگیڈ کا نام نہاد دجالی میڈیا ان سب کی کردار کشی اسی رفتار سے کرتا ہے جس طرح وہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی کردارکشی کرتا تھا۔
♥
One Comment