ذوالفقار علی زلفی
بعض لوگ جان بوجھ کر ہمیں انتہائی قدم اٹھانے پر اکساتے ہیں ۔ دیکھو بھائی ہمارے بھی بچے ہیں، اچھے اور پیارے بچے ـ میرا بڑا بیٹا موسیقی سیکھ رہا ہے، بڑا ہی ٹیلینٹڈ لڑکا ہے ۔ بیٹی ابھی ایف اے میں ہے، کہتی ہے بزنس کروں گی ـ تو ایسا ہے کہ ہم دل کے برے نہیں ہیں لیکن یار آپ لوگ بھی تو سمجھتے نہیں ہو نا ۔نہیں؟
بیٹا کیا نام ہے آپ کا؟ ہاں ساجد، ساجد حسین ۔ بلوچ لوگ بڑے بہادر اور سچے ہوتے ہیں ۔ ہم بھی امام حسین کو مانتے ہیں ۔ تو بھائی ساجد حسین آپ بھی موسیقی سیکھتے رہنا ہے یار یا بزنس ہی کرلیتے ـ نہیں؟ ۔
مطبل …. مطبل آپ لوگوں نے سمجھ کیا رکھا ہے؟ ـ تھوڑی دنیا داری سیکھ لیتے تو کیا جاتا؟ خوامخواہ ہماری تکلیف بڑھاتے ہو ـ تھوڑا بہت لکھ پڑھ لینے کا مطلب یہ تھوڑی ہے کہ آپ کو ہر معاملے میں سوال اٹھانے کی کھلی چھٹی مل گئی ہے ۔ اسلام بھی تو منع کرتا ہے نا ۔ کرتا ہے کہ نہیں؟ آپ کو اسلام کا شاید پتہ نہ ہو ۔ یہ نوجوان بلوچ آج کل کافروں کے بہکاوے میں بہت آرہے ہیں۔ کافروں کا کیا ہے وہ تو ہم مسلمانوں کے ازلی دشمن ہیں ـ قرآن بھی یہی کہتا ہے ـ کہتا ہے ناں؟ ـ
آپ کے پاس کتنے مواقع تھے ـ سی ایس ایس کرلیتے ـ بلوچستان جتنا بڑا ہے ہمارا دل اس سے کئی گنا زیادہ بڑا ہے ـ ہم آپ کو بلوچستان کے کسی شہر یا قصبے کا افسر بنا دیتے ـ ساری زندگی عیش کرتے ۔
کوئی این جی او ہی پکڑ لیتے ـ ٹھنڈا کمرہ، سوٹ ٹائی، منرل واٹر اور …….. پٹاخہ لڑکیاں ۔بڑے بڑے ہوٹلوں میں سیمینار کرتے ۔بڑے بڑے لوگوں کے ساتھ اٹھنا بیٹھنا ہوتا ـ دنیا کی سمجھ پیدا ہوتی ۔
چلیں کوئی بات نہیں ـ صحافت پسند ہے؟ صحافت بھی اچھا شعبہ ہے۔ریاست کا پانچواں ستون ہے ـ میں تو کہتا ہوں انبیا کا شعبہ ہے ـ پیغمبر بھی ایک طرح سے صحافی ہی تھے ۔نہیں ؟۔
صحافت کا فَرَض کیا ہے؟ جاہل لوگوں کو سمجھانا ـ لوگوں کو بتاتے رہتے کہ یہ سیاست دان سالے حرامی سارا مُلَک لوٹ کر کھا گئے ـ سردار ….. یہ بلوچوں کے سردار کتنے ظالم ہیں ـ ہم سے پیسے لیتے ہیں پھر بلوچوں پر خرچ ہی نہیں کرتے، بدمعاشی دیکھو حرام دے پتراں کی پھر ہمیں آنکھیں بھی دکھاتے ہیں اور غریب بلوچی مسلمان بھائیوں کو ورغلاتے ہیں ـ آپ یہ سب لکھتے نا ـ کبھی لکھا؟ نہیں نا؟ ـ تو بولو ایسا کیسے چلے گا؟ ـ
ساجد حسین آپ یار معاف کرنا کھوتے ہی نکلے ـ سنا ہے آپ کو ادب سے بھی لگاؤ ہے ـ میرے بھائی کو بھی شعر شاعری کا بڑا شوق ہے ـ ورڈزورتھ، شیکسپیئر، غالب، منٹو، کافکا پتہ نہیں کیا کیا پڑھتا رہتا ہے ـ کہتا ہے لیکن جو چاشنی اور گہرائی اقبال میں ہے وہ کسی میں نہیں ہے ـ اقبال کا بڑا دیوانہ ہے۔
اقبال واقعی بڑا آدمی تھا ـ نہیں؟ ـ انہوں نے بلوچوں پر بھی نظم لکھی ہے ـ آپ نے پڑھا ہے ……. اقبال …. علامہ اقبال؟ ـ پڑھا ہی ہوگا ـ پھر بھی آپ …….. آپ کا دماغ گھوما ہوا ہے ۔صحیح سے نہیں پڑھا ہوگا ـ نہیں؟ ـ اقبال قرآن اور حدیث کی باتیں بتاتا ہے ـ مسلمانوں کے اتحاد کی باتیں کرتا ہے ـ حیرت ہے آپ نے اقبال پڑھا مگر اس کے باوجود ہندو بنیے کی سازش کا شکار ہوگئے ـ ساجد حسین صحیح نہیں کیتا پترا ـ نہیں؟ ـ
میرا ایک بندہ ہے۔بڑا اچھا آدمی ہے ـ بلوچ ہے ـ سمجھ دار بلوچ ۔ اس نے بتایا کہ آپ بلوچی میں بھی لکھتے ہو ـ وہ مجھے ترجمہ کرکے سناتا تھا ۔ آپ پڑھے لکھے ہو لیکن کہاں پھنس گئے ـ یہ منیر مومن، عطا شاد ……. یہ کیا ہے؟ ۔دیکھو ہم بھی بلوچی زبان کی عزت کرتے ہیں لیکن اگر سب کی زبان ایک ہو، مطبل اردو ہو تو اچھا نہیں ہے؟ ـ ہے ناں؟ ۔
اب دیکھو ساجد حسین! ہم دل کے برے نہیں ہیں ـ آپ لوگ خود ہمیں انتہائی قدم اٹھانے پر اکساتے ہو ۔مطبل نظریاتی سرحد نام کی بھی کوئی چیز ہوتی ہے ناں۔پھر جغرافیائی سرحد ہے ـ قومی سلامتی ہے ۔ اب ان کی حفاظت بھی تو کرنی ہے ـ ریاست بھی تو چلانی ہے نا ۔نہیں؟ ۔
♥
One Comment