جوں جوں الیکشن قریب آتے جا رہے ہیں، سیاسی مباحث میں عوام کی دلچسبی بڑھتی جا رہی ہے۔ وہ سیاسی کارکن کی بات زیادہ غور سے سننے اور سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سیاستدان اپنا زور خطابت اس بات پر لگاتے ہیں کہ عوام بے پنا ہ مسائل کی دلدل میں دھنسے ہوئے ہیں۔ حالانکہ سیاست دانوں کو اس تکلف کی ضرورت نہیں ہے۔ عوام پہلے ہی یہ جانتے ہیں، وہ مانتے ہیں کہ وہ مسائل میں پھنسے ہوئے ہیں، چونکہ وہ شب و روز اپنے اور اپنے ارد گرد کے لوگوں کے مسائل دیکھتے ہیں، ان کا شکار رہتے ہیں، اور ان کے حل کی فکر میں کھوئے رہتے ہیں۔
مگر جیسا کہ ہم جانتے ہیں، مسائل کی نشاندہی کرنا ہی کافی نہیں ، اصل بات ان کا حل تجویز کرنا ہے۔ مسائل کا حل ہی وہ مقام ہے ، جہاں پہنچ کر سیاست دانوں میں اختلاف رائے شروع ہو تا ہے۔ اس مقام پر سیاسی جماعتیں اور افراد اپنے اپنے نظریات اور خیالات کے مطابق عوام کو درپیش مسائل کا حل تجویز کرتے ہیں۔ ظاہر ہے ایک ہی مسئلے کو ہمیشہ ایک سے زائد زرائع اور طریقے سے حل کرنے کی گنجائش موجود ہوتی ہے۔
یہی وہ مقام ہے جہاں سیاست دانوں کو اپنی سوچ، سمجھ اور سمت کا واضح اظہار کرنا ہوتا ہے، تاکہ وہ عوام کو کچھ بہت ہی بنیادی نوعیت کے اور سادہ سولات کا جواب دے سکیں۔ اس میں پہلا سوال یہ ہوتا ہے کہ کیا سیاستدان اس درپیش مسئلے کو پوری گہرائی سے سمجھتا ہے۔ مثال کے طور پر پاکستان کے لوگوں کو بجلی کی کمی کی وجہ سے لوڈشیڈنگ کے عذاب سے گزرنا پڑتا ہے۔ تو لوڈ شیڈنگ کو کیسے کم کیا جا سکتا ہے۔ ظاہر اس کے لیے اس وافرمقدار میں بجلی کی ضرورت ہے کہ لوڈ شیڈنگ نہ کرنی پڑے۔ اب بجلی کی ضرورت پوری کرنے کے کئی ذرائع ہیں۔ ان میں نیوکلئیر ، پانی، کوئلہ ، پن چکی اور دوسرے کئی طریقے شامل ہیں۔
بعض حالات میں اپنی بجلی بنانے کے بجائے دوسرے ممالک سے بجلی کی برآمدگی بھی ایک راستہ ہو سکتا ہے۔ اب اس مسئلے کا کوئی حتمی حل پیش کرنے کے لیے ایک سیاست دان کے لیے ضروری ہے کہ اسے بجلی کی پیداوار کے ان مختلف طریقوں کا مکمل علم ہو۔ اس کے پاس ان منصوبوں پر اٹھنے والے خراجات اور اس کے استعمال کی قیمت کی تفصیلات ہوں۔ ان الگ الگ طریقوں پر آنے والی لاگت اورصارفین کو فروخت کی قیمت کا علم ہو۔ اس کے ساتھ ساتھ پیداوار کے الگ الگ طریقوں کے ماحول پر اثرات سے آگہی ہو۔
مثال کے طور ر ایک سیاست دان عوام کو کہتا ہے کہ وہ بجلی کی پیداوار کے لیے کوئلے کو ترجیح دے گا تو اس کے لیے ضروری ہو گا کہ وہ عوام کو بتائے کہ دنیا میں کون کون سے ممالک کوئلے سے بجلی پیدا کرتے ہیں۔ اس پر کتنی لاگت آتی ہے، اور دوسرے طریقوں کے مقابلے میں اس طریقے سے بجلی پیدا کرنے میں کیا فائدہ ہے۔ اس سے صارفین کو کیا فائدہ ہوتا ہو سکتا ہے، اس پر ماحول پر کیا اثر پڑتا ہے۔ یہ تفصیل جانے کے بعد ہی عوام کو اپنے درپیش مئسلے کو سمجھنے اور اس کے حل کے بارے میں پوری جانکاری ہو گی۔
اس کے بعد اگلا بڑا اور سب سے اہم ترین سوال جس کا جواب سیاست دان کو دینا چاہیے وہ یہ ہے کہ کوئلے کے اس پلانٹ کی تعمیر کے لیے کل کتنے پیسے درکار ہوں گے، اور وہ پیسے کہاں سے آئیں گے۔ اس کی تعمیر پر کتنا عرصہ لگے گا۔ اور محتاط اندازے کے مطابق کل کتنے برس بعد عوام اس منصوبے سے استفادہ کرنے کے قابل ہو سکیں گے۔ اس تٖفصیل میں جانے کے بجائے عموماً ہمارے سیاست دان عوام کی اطلاع کے لیے اتنا عرض کر دینا کا فی تصور کرتے ہیں کہ ملک بجلی کے بحران کا شکار ہے ، اور اگر عوام ان کو اقتدار میں لے آئیں تو وہ ملک میں ڈیموں اور پلانٹوں کا جال بچھادیں گے۔ ظاہر ہے یہ ادھوری، گمراہ کن معلومات اور ایک غیر حقیقی دعوی ہے، جو اس ملک کے عوا م ستر برس سے سنتے آرہے ہیں۔
چنانچہ ایک درست، مکمل معلومات کے بجائے سیاست دان عوام کو اپنی ذات کے گرد گھومانے کی کوشش کرتے ہیں۔ وہ عوام کو اپنے کردار اور دیانت داری کا یقین دلانے پر سارا زور خطابت لگا دیتے ہیں۔ باقی کا زور خطابت وہ اپنے مخالف سیاست دان کی کردار کشی پر لگاتے ہوئے یہ ثابت کرتے ہیں کہ مخالف سیاستدان سے زیادہ دنیا بھر میں نااہل، بد دیانت اور بد عنوان شخص کوئی اور نہیں ہے، اس لیے عوام کی بھلائی اسی میں ہے کہ وہ اپنے ووٹ مجھے دیں۔ اس طرح عوام کو ان کے مسائل سمجھانے اور اس کا حل بتانے کے بجائے سیاست کو زاتوں اور شخصیات کے گرد گھومایا جاتا ہے۔
اس سلسلہ عمل میں انتخابات کے بعد خود سیاست دانوں کو اس وقت کسی منصوبے سے جڑے مسائل، مشکلات اس کے لیے درکار وسائل کی کمی کا اندازہ ہوتا ہے ، جب وہ اس پر کام شروع کرتے ہیں۔ حالانکہ عوام اور سیات دان دونوں کے لیے پہلے ہی یہ جاننا کوئی مشکل نہیں ہونا چاہیے کہ ایک ڈیم بنانے کے لیے اوسط کتنا عرصہ، کتنے پیسے چاہیے ، اور فوری طورپر ڈیموں کے جا ل بچھانے اور فوری طور پر بجلی پیدا کرنے کی بات غیر حقیقی سوچ ہے۔ ہم یہ نہیں کہتے کہ سیاست دان کا ہر شعبے کا ماہر ہونا چاہیے، لیکن جو قوم کی رہنمائی کا بیڑا ٹھانے نکلے، اس کے پاس بنیادی حقائق اور اعداد وشمار تو ہوں۔
ڈیم کی تو میں نے محض ایک مثال دی۔ زندگی کی دوسری بیشتر سہولیات اور ضروریات پر بھی یہی بات صادق آتی ہے۔ تعلیم کی شرح میں اضافہ، نظام میں بہتری اورمیعار میں اضافے کے لیے بھی وسائل اور وقت لگتا ہے۔ سکولوں کی عمارتیں تعمیر ہوتی ہیں، اساتذہ کو تربیت دینے میں وقت اور پیسہ لگتا ہے، نصاب بنانے اوررائج کرنے کے لے مناسب وقت اور وسائل درکار ہے۔ اس طرح کے بیشتر کام طویل مدتی ہوتے ہیں اورکوئی بھی حکومت اپنے مختصر دور اقتدار میں نہیں کرسکتی ، جس کے اس نے وعدے کیے ہوتے ہیں، چنانچہ وہ حکومت آخر میں جھوٹی اور بے اعتبار قرار پاتی ہے۔
میں جانتا ہوں کہ مغرب کی بار بار مثال دینا شایدکچھ لوگوں کو ناگوار گزرتا ہو، مگر اس کے سوا چارہ نہیں، مغرب وہ سارے کام مدتوں پہلے انتہائی سلیقے اورکامیابی سے کر چکا ہے، جس کے ہم آج خواب دیکھتے ہیں، اور یہ خواب اپنے عوام کو دکھاتے رہتے ہیں۔ اور ان کے یہ خواب پورے کرنے کے جھوٹے وعدے کرتے رہتے ہیں۔ تو مغرب کے اور دنیا کے دیگرترقی یافتہ ملکوں میں بیشتر طویل المدتی منصوبے بنتے رہتے ہیں ، اور بیشتر مقررہ وقت پر یا پھر اس سے بھی پہلے مکمل ہو جاتے ہیں۔ مغرب میں آپ کو ایسے پل، عمارتیں اور سڑکیں بنتی نظر ائیں گی جن کی آج نہیں اگلی صدی میں ضرورت درپیش ہو گی۔
اگلی نسل کی توانائی کی ضروریات کے لیے کئی منصوبے آج کی حکومت شروع کر رہی ہو گی ۔ کسی منصوبے کا فیتہ کاٹنے اور کریڈٹ لینے کی کوئی دوڑ نہیں ہو گی۔ عوام کے روپے سے عوام کے لیے ایک معمول کا کام ہو رہا ہے، یہ کسی پر احسان نہیں ہو رہا۔ آپ کوئی اپنی جیب سے خیرات تو تقسیم نہیں کر رہے توپھر یہ اپنی پیٹھ تھپتھپانے کا کیا مطلب ہے؟
مغرب میں انتخابات کے دوران سیاست دانوں کے کردار ، شخصیات اور صلاحیتوں کو جانچنے پرکھنے کے لیے باقاعدہ ٹیلیویثرن پر مباحثے ہوتے ہیں۔ یہاں لیڈر دوسرے کی کمزوریوں اور خامیوں پر زور نہیں دیتے۔ یہ اپنی خوبیاں بتا کر خود ستائی کا مظاہرہ بھی نہیں کر تے ۔ اسے معیوب سمجھا جاتا ہے۔ وہ ہر سوال کا ٹھیک نقطے پر اور دو ٹوک جواب دیتے ہیں۔ کیا کرنا ہے، کیوں کرنا ہے، کیسے کرنا ہے، کب کرنا ہے، وہ ان چار سولات کا جواب لاکھوں سامعین کے سامنے میڈیا پر دیتے ہیں، عوام سنتے ہیں، اپنی اجتماعی دانش بروے کار لاتے ہیں، اور ووٹ کا فیصلہ کر دیتے ہیں۔ ہماری طرح یہ شور غوغا، ہنگامہ آرائی، یہ خود ستائی، اور اپنی عظمت کے ڈھول پیٹنے کاکام کم ہی ہوتا ہے۔
جب کہ تجھ بن نہیں کوئی موجود پھر یہ ہنگامہ اے خدا کیا ہے