ذوالفقار علی زلفی
رینجرز کراچی کے فٹبال اسٹیڈیم(پیپلز اسٹیڈیم پر عرصے سے رینجرز قابض ہے) کو فائیو اسٹار ہوٹلوں کی طرح استعمال کرے یا نہ کرے….پبلک پارکوں میں نوجوانوں کو گولیاں مارنے جیسے اختیارات رکھے یا نہ رکھے…ایک جمہوری ملک میں اس کا فیصلہ منتخب حکومت کرتی ہے اور یقیناً اسے کرنا بھی چاہیے…..
پاکستان کا باوا آدم ہی نرالا ہے….کہنے کو تو اس ملک میں جمہوریت “نافذ” ہے مگر جنرل گریسی کے حکم پر بلوچستان کی فتح سے لے کر تاحال یہاں فیصلے جمہور سے بالا بالا ہی ہوئے ہیں اور غالباً ہوتے رہیں گے….
کراچی میں رینجرز کا کردار کیا ہونا چاہیے ؟؟ بلاشبہ اس فیصلے کا اختیار سندھ اسمبلی اور پیپلز پارٹی کی منتخب حکومت کو ہے اور حکومت کے فیصلوں و پالیسیوں پر نکتہ چینی و تنقید کا حق اپوزیشن کو حاصل ہے…..
پیپلزپارٹی نے اپنے اس آئینی اختیار کا استعمال کیا کیا جمہوریت اور آئین کی بالادستی جیسے وہ تمام تصورات جو بڑے تزک و احتشام کے ساتھ پرائم ٹائم میں عوام کے ذہنوں میں ٹھونسے جاتے تھے یکدم دھواں ہوگئے….یوں تو لولی لنگڑی جمہوریت بہترین آمریت سے بھی اچھی ہوتی ہے کا مقولہ بھی کبھی میرے پلے نہیں پڑا….سیاسیات کی کسی بھی کتاب میں اس قسم کی جمہوریت کا کوئی ذکر نہیں , گوگل بھی معذرت خواہ ہیں کا پیغام دیتا ہے ۔
مگر چونکہ پاکستان میں اس مقولے کو قبول عام کا درجہ حاصل ہے اس لیے مان لیا “زبان خلق نقارہ خداوندی“….رینجرز قضیے نے لولی لنگڑی جمہوریت کے علمبرداروں کی قلعی بھی کھول دی….ابھی کل ہی وفاقی حکومت کے ایک اہم وزیر فرمارہے تھے , فوج حکومت کے کاموں میں دخل نہیں دیتی , پتہ نہیں دخل نہ دینے کے مفہوم کیا ہوتے ہیں…
سندھ اسمبلی کی قرارداد پر جی ایچ کیو سے شاہانہ گرج سنائی دی ہمیں یہ قبول نہیں….پھر تو تانتا بندھ گیا…تاحیات گورنر سندھ نے بھی تان ملائی اور اب کور کمانڈر کراچی یعنی وائسرائے صاحب نے بھی ایک جمہوری حکومت کو جمہوریت کا پاکستانی برانڈ یاد دلانا ضروری سمجھا….یہ سب کچھ غالباً اردو کی نئی لغت جو تاحال مارکیٹ میں دستیاب نہیں کی رو سے دخل اندازی کے مترادف نہیں ہیں…..
خیر مجھ کم عقل کیلئے اس میں بھی بہت ساری نشانیاں ہیں…مثلاً میں سمجھ گیا , دہشت گردی اور مذہبی انتہا پسندی ریاست کیلئے سرے سے کوئی مسئلہ ہی نہیں….بس ایک جانب الطاف حسین کا ٹینٹوا دبانا ہے تانکہ ان کے پاؤں زمین پر رہیں اور دوسری جانب زرداری کو ان کی حیثیت یا شاید اوقات میں رکھنا ہے….بلوچ تو ویسے بھی کسی کھاتے میں شمار نہیں ہوتے….معصوم خولہ تزویراتی گہرائی اور فتح دہلی کے خوابوں پر قربان ہوگئی , سو , مٹی پاؤ….
بیان ملاحظہ فرمائیے , دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو نہیں چھوڑا جائے گا…..اچھی بات ہے تو جناب یہ اوسامہ نام کا بندہ کس کی مدد سے عین خاکی وردی کے سائے تلے قلعہ بند تھا؟؟؟ , عبدالعزیز نام کے ایک مولانا کس دم پر جدال و قتال کے اعلانات کرتے پھرتے ہیں؟؟ لشکر طیبہ کے دفاتر کس کے حکم پر مقدس مانے جارہے ہیں؟؟؟ , آرمی پبلک اسکول کی سیکیورٹی کس نے تڑوائی؟
وہ کون ہیں جو ہندو بچیوں کو مشرف بہ اسلام کرکے کنیز بنارہے ہیں , یہ محمد بن قاسمِ دوراں کس خلیفہِ بے ساماں کے نمائندے ہیں؟ چلیں یہ بتادیں , کوئٹہ میں ایف سی چیک پوسٹ کے بغل میں کون سا مسٹر انڈیا شیعہ مخالف چاکنگ کرتا پھرتا ہے؟ یہ سلیمانی ٹوپی پہنے باریش و خشمگیں مسلح نوجوان کراچی کی مختلف مساجد میں کیا کرتے رہتے ہیں؟؟؟
برق گرتی ہے تو بیچارے سیاستدانوں پر…ڈاکٹر عاصم کرپٹ اور ٹارگٹ کلرز کے معاون ہوسکتے ہیں لیکن یہ بھی تو بتائیے 26 سالوں میں رینجرز نے کتنے مشہور انتہا پسندوں کو یو سرعام ذلیل کروایا؟؟ اگر عاصم حسین اور وسیم اختر بڑے دہشتگرد ہیں پھر تو واقعی لگے رہو منّا بھائی….
سب سے پہلے ہمیں بتایا جائے رینجرز آپریشن کس کیخلاف ہے , کرپشن یا دہشت گردی؟؟ اگر کرپشن کیخلاف ہے تو جناب بہتر نہ ہوتا سب سے پہلے پاکستان کا نعرہ مستانہ بلند کرکے ڈیفنس ہاؤسنگ اسکیموں کی تحقیقات کی جاتیں جن کا حجم کراچی سے بھی بڑھتا جارہا ہے….اگر مسئلہ دہشت گردی ہے تو میانی کی جنگ چھیڑ کر سندھ حکومت کے اداروں پر کیوں فوج کشی کی جارہی ہے….یقین مانیے مُلامنصور وزیراعلی ہاؤس میں نہیں ہوسکتے….
پاکستانی فوجی نظام کے مطابق رینجرز ایک سرحدی فورس ہے جسے نیم فوجی ادارہ سمجھا جاتا ہے اور اس کا سربراہ بری فوج کا حاضر سروس افسر ہوتا ہے….رینجرز کو بقول شخصے سندھ حکومت کی خواہش پر کراچی طلب کیا گیا اور آرمی پبلک اسکول واقعے کے بعد اس کے اختیارات میں بھی سندھ اسمبلی بشمول “دہشت گرد جماعتوں” پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم نے اضافہ کیا آج اگر وہی سندھ حکومت رینجرز اختیارات کو محدود کرنا چاہتی ہے تو ہاہاکار کیسا؟؟؟….کس کے مفادات پر زد پڑ رہی ہے؟؟ کس کی دم پر پیر آگیا ہے؟؟…
چوھدری نثار کی دھمکی اور خورشید شاہ و مولا بخش چانڈیو کی جواب آں غزل سے قطع نظر کوئی یہ تو بتلائے , آخر ایک جمہوری ملک میں یہ ہو کیا رہا ہے؟؟؟