ایک طالب علم پر بغاوت کا الزام عائد کیے جانے کے ردعمل میں بھارت بھر کی یونیورسٹیوں میں مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ اسے طلبہ کی نریندر مودی کی حکومت کے ساتھ آزادی اظہار کے معاملے پر ایک جنگ قرار دیا جا رہا ہے۔
بائیں بازو کے ایک طالب علم رہنما کو کشمیری علیحدگی پسند رہنما کو پھانسی دیے جانے کی برسی کے موقع پر ایک ریلی منعقد کرنے پر گرفتار کر لیا گیا تھا۔ اس طالب علم کی گرفتاری پر طلبہ کی طرف سے احتجاج کیا گیا تھا جو اب پھیل کر ملک کی کم از کم 18 یونیورسٹیوں میں پھیل گیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق سب سے بڑا مظاہرہ نئی دہلی کی جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں ہوا جہاں ہزاروں طلبہ نے کلاسوں کا بائیکاٹ کیا اور رکاوٹیں کھڑی کیں۔ آج ان مظاہروں کا چوتھا دن تھا۔ آل انڈیا اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے دہلی یونٹ کی نائب صدر راحیلہ پروین کے مطابق، ’’حکومت نہیں چاہتی کہ طلبہ کی کوئی رائے ہو۔‘‘ بائیں بازو کی اس طلبہ تنظیم کی نائب صدر کا مزید کہنا تھا، ’’حکومت چاہتی ہے کہ طلبہ صرف وہی سوچیں، سمجھیں یا کہیں جو وہ کہے۔‘‘
رائٹرز کے مطابق یہ مظاہرے دراصل مودی کی قوم پرست حکومت اور بائیں بازو کے لبرل گروپوں کے درمیان ایک نظریاتی جنگ ہے۔ ناقدین مودی حکومت کی کارروائیوں کو 1970ء کی دہائی میں اُس وقت کی وزیراعظم اندرا گاندھی کی طرف سے مخالفین کو کچلنے کے لیے لگائی جانے والی ایمرجنسی سے تشبیہ دے رہے ہیں۔
مودی کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے ارکان طالب علم رہنما کنہیا کمار پر بھارت مخالف جذبات ابھارنے کا الزام عائد کر رہے ہیں۔ بی جے پی کے ایک رکن پارلیمان کا کہنا ہے کہ بائیں بازو کی سیاست کی روایت رکھنے والی اس یونیورسٹی کو بند ہی کر دیا جائے۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کے ارکان طالب علم رہنما کنہیا کمار پر بھارت مخالف جذبات ابھارنے کا الزام عائد کر رہے ہیں۔
نریندر مودی کے ایک قریبی ساتھی اور بی جے پی کے صدر امیت شاہ کا پارٹی ہیڈکوارٹرز میں کہنا تھا، ’’میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم جو بھی اقدام کریں گے وہ اپنے ملک کی حفاظت کے لیے ہو گا۔ بھارت مخالف کوئی بھی کارروائی برداشت نہیں کی جائے گی۔‘‘
کنہیا کمار کو گزشتہ ہفتے بغاوت کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ کمار ایک ریلی کے دوران 2013ء میں کشمیری رہنما افضل گرو کو پھانسی دیے جانے کے عمل پر سوال اٹھایا تھا۔ گرو کو نئی دہلی میں ملکی پارلیمان پر 2001ء میں کیے جانے والے حملے میں ان کے کردار کے الزام میں یہ پھانسی دی گئی تھی۔
انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والوں کی طرف سے افضل گُرو کی پھانسی کے بارے میں سوالات اٹھائے جاتے رہے ہیں۔ جبکہ بھارتی سپریم کورٹ نے بھی گرو کے خلاف شواہد کو سطحی قرار دیا تھا۔ آج پیر کے روز بغاوت کے الزام میں گرفتار کیے جانے والے طالب علم رہنما کنہیا کمار کو نئی دہلی کی ایک عدالت میں پیش کیا گیا۔ اس موقع پر طلبہ اور وکلاء کے درمیان بھی جھڑپیں ہوئیں۔
♦