افغانستان کے صدر اشرف غنی کی انتظامیہ نے رواں ہفتے کابل میں ہونے والے خود کش حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا ہے۔ اس خونریز دھماکے میں چونسٹھ افراد ہلاک جب کہ سینکڑوں زخمی ہو گئے تھے۔
جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کی افغان دارالحکومت کابل سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق کابل کے پولیس چیف عبدالرحمان رحیمی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کابل میں ہونے والے خود کش حملے کی منصوبہ بندی پاکستان میں کی گئی تھی۔
یہ خود کش حملہ منگل کے روز کابل میں افغان خفیہ ادارے کے دفتر کے قریب کیا گیا تھا۔ اس حملے میں 64 افراد ہلاک ہو گئے تھے جب کہ قریباﹰ 350 لوگ زخمی بھی ہوئے تھے۔
رحیمی کا کہنا تھا کہ یہ حملے حقانی نیٹ ورک کی جانب سے کیے گئے تھے۔ حقانی نیٹ ورک ماضی میں بھی افغانستان میں دہشت گردی کی کئی کارروائیوں میں ملوث رہا ہے اور وہ مبینہ طور پر پاکستان کی حدود میں موجود ہے۔ اسلام آباد نے کابل انتظامیہ کی جانب سے لگائے گئے ان الزامات کا فی الحال کوئی باقاعدہ جواب نہیں دیا۔
افغانستان اور پاکستان ماضی میں بھی ایک دوسرے پر شدت پسندوں کی پشت پناہی کرنے کے الزامات لگاتے رہے ہیں۔ افغانستان کی جانب سے یہ تازہ الزامات ایسے وقت لگائے گئے ہیں جب کہ امریکا، چین، پاکستان اور افغانستان مشترکہ طور پر طالبان کے ساتھ امن مذاکرات کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کابل حملہ طالبان کی جانب سے موسم بہار میں شدت پسندی کی کارروائیوں میں مزید اضافہ کرنے کے اعلان کے بعد ہوئے اور اِن کی وجہ سے چاروں ممالک کی جانب سے کی جانے والی مصالحتی کوششوں کو شدید دھچکا پہنچاہے۔ پشاور سے تعلق رکھنے والے سیکیورٹی امور کے ماہر فدا خان نے ڈی پی اے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’ایسا لگتا ہے کہ مصالحتی عمل اب ختم ہو چکا ہے‘‘۔
افغانستان کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ہفتے کی شب پانچ طالبان جنگجو اس وقت مارے گئے جب انہوں نے افغانستان کے مغربی صوبے فراہ میں ایک فوجی کیمپ پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔
دوسری جانب امریکہ نے بھی پاکستان کو کہا کہ وہ حقانی نیٹ ورک کے خلاف ٹھوس کاروائی کرے۔امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی ترجمان نے کہا کہ امریکہ نے پاکستان کو بارہا کہا ہے کہ وہ اپنی سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دے اور دہشت گردوں خاص کر حقانی نیٹ ورک کے خلاف سخت کاروائی کرے۔
اور اب حالیہ دھماکے کے بعد بھی امریکی حکومت نے ایک بار پھر پاکستان کو زور دے کر کہا ہے کہ حقانی نیٹ ورک مسلسل پاکستان کی حدود سے دہشت گردی کی کاروائیاں کر رہا ہے اور پاکستان اس کی روک تھام کرے۔
DW, News desk