سعودی ائیر فورس کی یمن پر بمباری۔ 36 شہری ہلاک

yemen-saudi-arabia-airstrikes
سعودی عرب اور اس کی اتحادیوں پر مشتمل فوج نے یمن کے شمالی علاقے پر بمباری کرکے درجنوں افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔ حاجہ کے باٹلنگ پلانٹ پر بمباری کے ذریعے 36 مزدور وں کی ہلاکت ہوئی ہے۔

عیسیٰ احمد جو کہ حاجہ کے رہائشی ہیں نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ سعودی ائیر فورس نے پانی کے باٹلنگ پلانٹ پر بمباری کی ہے جس میں 36 مزدور ہلاک ہو ئے ہیں۔ حاجہ شہر کی سرحد سعودی عرب کے ساتھ واقع ہے ۔

یادر ہے کہ سعودی عرب اور یمن کے درمیان لڑائی میں اب تک 4300 افرادہلاک ہو چکے ہیں۔

رائٹرز کے مطابق حملے کے بعد لاشیں نکالنے کا کام مکمل ہو گیا ہے کئی لاشیں جل چکی ہیں اور کئی مسخ ہو گئی ہیں۔

پچھلے ماہ انسانی حقوق کے ادارے ہیومن رائٹس واچ نے تصدیق کی تھی کہ سعودی عرب کی بمباری کی وجہ سے ساحلی شہر موکھا میں ایک پلانٹ پر کام کرنے والے 65 مزدور ہلاک ہوئے تھے۔ اپریل میں بھی ایک ڈیری پلانٹ پر حملہ کیا گیا تھا جس میں کام کرنے والے 35 مزدور ہلاک ہو گئے تھے۔

انسانی حقوق کی تنظیموں نے ان حملوں کی مذمت کی ہے ۔ ایمنسٹی انٹر نیشنل نے بھی اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ سعودی عرب اور اس کی اتحادی فوجیں بدترین بربریت کا مظاہرہ کر رہی ہیں اور عام شہریوں کو ہلاک کررہی ہیں۔

سعودی عرب اور اس کے اتحادی خلیجی ممالک پر مشتمل سیکیورٹی فورسز بڑے بے دردی سے یمن پر حوثی قبائل کے ٹھکانوں پر بمباری کر رہی ہیں۔ یاد رہے کہ مارچ میں حوثی قبائل کے باغیوں نے یمن کے صدر عبدالرباع منصور ہادی کو ملک سے بھاگنے پر مجبور کر دیا تھا۔

سعودی عرب اور خلیجی ریاستیں یمن میں ایران کے بڑھتے ہوئے اثرو رسوخ سے خوفزدہ ہیں ۔ اس وقت یمن میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی قبائل اور سعودی عرب کے درمیان براہ راست لڑائی ہو رہی ہے۔

جیک مور، انٹرنیشنل بزنس ٹائمز

Comments are closed.