ہندوستان میں اسلام کے تمام 72 فرقے موجود ، دہشت گردی کیخلاف مہم میں متحدہ عرب امارات کا ساتھ : راج ناتھ سنگھ
بھوپال ۔ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے سرحدی امن متاثر کرنے والوں کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اگر کسی نے پہلے فائرنگ کی تو ملک سخت جوابی کارروائی میں کوئی پس و پیش نہیں کرے گا اور ادعا کیا کہ ان کی حکومت مسئلہ کشمیر پر نہیں بلکہ پاکستانی مقبوضہ کشمیر کے مسئلہ پر پاکستان کے ساتھ بات چیت کے لئے تیار ہے ۔
راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ’’ہندوستان ہمیشہ ہی اپنے تمام پڑوسیوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا خواہشمند رہا ہے اور کسی کو بھی نہ چھیڑنے سے متعلق اپنی پالیسی پر بدستور کاربند رہے گا۔ لیکن اگر پہلے کوئی ہمیں چھیڑتا ہے تو ہم انہیں نہیں چھوڑیں گے ۔ جوابی کارروائی کے طور پر کتنی گولیاں چلائی جاتی ہیں ۔ ان کی گنتی نہیں کی جائے گی ‘‘ وزیر داخلہ نے ہندی میں واضح طور پر کہا کہ ’’ چھیڑیں گے نہیں ۔ پر (لیکن) چھوڑیں گے بھی نہیں ‘‘۔
وہ آج یہاں ’’ قومی سلامتی، چلینجز اور حکمت عملی کے زیرعنوان پہلا وائی این سنگھ میمورئیل فاؤنڈیشن لکچر دے رہے تھے ۔
آنجہانی وائی این سنگھ نے حکومت مدھیہ پردیش کے محکمہ امداد باہمی میں خدمات انجام دیا تھا جنہیں کھاد کی تقسیم کی حکمت عملی کے ذریعہ زرعی پیداوار میں اضافہ کے لئے یاد کیا جاتا ہے ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ’’ میئں نے پاکستانی رینجرز کو یہ سمجھانے کی کوشش کی ہے کہ آپ ہمارے وردی پوشوں (سپاہیوں) پر کیوں فائرنگ کررہے ہیں ۔ پہلے آپ فائر کرتے ہیں تو ہم جواب دیتے ہیں ۔
کیوں نہ ہم دونوں مل کر دہشت گردی پر فائرنگ کریں تاکہ اس لعنت کا خاتمہ کیا جاسکے ‘‘ ۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی 23000 کیلو میٹر سے زائد سرحد کی حفاظت ایک چیلنج ہے لیکن انہوں نے تیقن دیا کہ سرحد کی بہتر حفاظت کی جائے گی ۔
راج ناتھ سنگھ نے اس یقین کا اظہار کیا کہ آئندہ 15-10 سال میں ہندوستان دنیا کی سب سے بڑی معیشت بن جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ’’دنیا بھر میں یہ سمجھا جارہا ہے کہ ہندوستان بھی امریکہ اور چین کے ساتھ ایک بڑی معیشت کی حیثیت سے ابھرے گا۔ آئندہ 15-10 سال میں یہ دنیا کی سب سے بڑی معیشت ہوگا ۔
لیکن چند ملک دشمن عناصر ہندوستان کو اس مقام پر دیکھنا نہیں چاہتے ‘‘ ۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ’’ہندوستان بقائے باہم پر یقین رکھتا ہے ۔ دنیا بھر میں ہندوستان ہی ایسا واحد ملک ہے جہاں اسلام کے تمام 72 فرقے موجود ہیں ۔ کسی بھی دوسرے ملک حتی کہ اسلامی ممالک میں بھی اسلام کے تمام 72 فرقے موجود نہیں ہیں ۔ یہی بات عیسائیت اور بدھ دھرم پر بھی لاگو ہوتی ہے ‘‘ ۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت اور سفارتی صلاحیتوں کے نتیجہ میں متحدہ عرب امارات جیسا ملک بھی دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں ہندوستان کے ساتھ کھڑا ہوچکا ہے جس کا پہلے تصور بھی محال تھا ۔
کشمیر انکاؤنٹر میں لشکر طیبہ کا خطرناک دہشت گرد ہلاک
سرینگر۔ 12 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کشمیر میں لشکر طیبہ کا خطرناک دہشت گرد جس کے سَر پر 10 لاکھ روپئے کا انعام تھا، آج انکاؤنٹر میں ہلاک ہوگیا۔ سکیورٹی فورسیس کیلئے یہ بہت بڑی کامیابی سمجھی جارہی ہے۔ وہ ضلع پلوامہ میں پولیس اور فوج کی مشترکہ کارروائی اور انکاؤنٹر میں ہلاک ہوا ہے۔ مہلوک دہشت گرد ارشاد ضلع پلوامہ کے کاکاپورہ کا ساکن تھا۔ وہ پولیس کو جون 2013ء میں 8 فوجی جوانوں کی ہلاکت کے علاوہ فوج اور پولیس پر کئے گئے کئی حملوں میں مطلوب تھا۔ اس دہشت گرد کو شدت سے مطلوب دہشت گردوں میں “A+” زمرہ کے تحت رکھا گیا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ ارشاد کو ایک انکاؤنٹر میں ہلاک کیا گیا۔ پولیس کو خصوصی اطلاع ملنے پر فوج کے ہمراہ کارروائی کی گئی۔ جیسے ہی فوج اور پولیس نے اس کے ٹھکانے کا محاصرہ کیا، فائرنگ شروع کی گئی۔ روپوش دہشت گردوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی جس کے فوری بعد فوج کو طلب کرلیا گیا اور مشترکہ آپریشن میں آخرکار وہ مارا گیا۔ ارشاد اپنے آبائی ضلع میں 2011ء سے سرگرم تھا۔
بشکریہ: روزنامہ سیاست حیدرآباد انڈیا