مقدس بت کیسے ٹوٹے؟

زبیر حسن

وائٹ ہاؤس میں منعقد ہونے والے اس ہنگامی اجلاس میں عالمی طاقتوں کے سربراہان، دنیا کے چوٹی کے سائنسدان، پوپ فرانسس، اور دلائی لامہ سمیت دنیا کے تمام بڑے مذاہب کے بااثر مذہبی پیشوا شریک تھے۔ اجلاس سے چند دن قبل ہی سوشل میڈیا پر افواہوں کا بازار گرم ہو گیا۔ کچھ لوگوں کا خیال تھا کہ اس اجلاس میں ناسا کے سربراہ چارلی کہکشاں کے ایک اور نظام شمسی میں آباد مخلوق سے رابطہ کی نوید سنائیں گے۔

ایک افواہ یہ بھی تھی کہ برین پروجیکٹ سے وابستہ سائنسدانوں نے انسانی دماغ کی کاپی تیار کر لی تھی اور اسے روبوٹ کی کھوپڑی میں نصب کرکے انسان کی موت سے پہلے اس کے شعور اور ذہن کو یادداشتوں یا ڈیٹا سمیت روبوٹ کے دماغ میں منتقل کرنے میں کامیاب ہو گئے تھے۔ یوں انسان نے حیات جادوانی حاصل کر لی تھی۔

ان افواہوں کے غبارے سے جلد ہی ہوا نکل گئی۔ اجلاس والے دن تمام اسلامی ملکوں میں کرفیو لگ گیا اور ہر قسم کے اجتماعات پر پابندی لگا دی گئی۔ معلوم ہوا کہ اجلاس کی کاروائی لائیو نشر ہو گی اور اجلاس کے شرکا کو ٣ڈ عینکیں فراہم کر دی گئی تھیں۔

اجلاس شروع ہوا تو ناسا کے سربراہ چارلی نے سامعین کو نامور سائنسدان ارون کے نظریہ زیرو پوائنٹ فیلڈ کی اہمیت اور اس پر ہونے والے کام سے آگاہ کیا۔ جس طرح ایک انسان کے جسم میں کھربوں خلیے ہیں اور ہر خلیے میں موجود ڈی این اے میں اس انسان کا بلیو پرنٹ محفوظ ہے اسی طرح کائنات میں زیرو پوائنٹ فیلڈ ہیں جہاں کائنات اور اس میں موجود اجسام کے بلیو پرنٹ اور کائنات کی پیدائش سے اب تک کا ہر لمحہ محفوظ ہے۔

گویا کائنات کا ماضی، حال، اور مستقبل آڈیو وڈیو فلم کی صورت میں وہاں موجود ہے۔ زیرو پوائنٹ فیلڈ پروجیکٹ پر کام کرنے والی ٹیم نے تیس سال کی شبانہ روز محنت اور کوشش کے بعد بالاخر اس فلم تک رسائی حاصل کر لی اور لاس الموس لیب کے تعاون سے زمین کی گزشتہ چھ ہزار سال کی لائیو تاریخ ڈوان لوڈ کر لی۔ اس فلم کو ٣ڈ میں منتقل کرنے کا سہرا ہالی ووڈ کے فوٹوگرافی کے ماہرین کو جاتا ہے۔

اگلے مرحلے میں زمین کی ساڑھے چار ارب سال کی تاریخ کو ڈونلوڈ کرنے کا پروگرام ہے۔ چارلی کا خطاب ختم ہوا تو ہال کی بتیاں گل ہو گئیں اور سو فٹ چوڑی سکرین پر فلم چلنے لگی۔ سامعین کو ایسے لگ رہا تھا جیسے وہ چھ ہزار سال پہلے کے دور میں پہنچ گئے ہوں اور ہر واقعے اور حادثے کو اپنی آنکھوں کے سامنے ہوتا ہوا دیکھ رہے ہوں۔ دنیا کے مذاہب کی ابتدا کیسے ہوئی؟ بائبل اور دوسری مقدس کتابیں کس نے لکھیں؟ مقدس ہستیاں اصل میں کون تھیں؟ مصریوں نے اہرام کیسے تعمیر کئے؟ اس فلم میں ان تمام سوالوں کے جواب موجود تھے۔

Comments are closed.